امریکا دھمکیاں بند کرے، ہم ڈرنے والے نہیں، ایران

خبر ایجنسیاں  منگل 21 فروری 2017
اوباما انتظامیہ کے مقابلے میں تہران کو اب واشنگٹن میں زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔ فوٹو؛ فائل

اوباما انتظامیہ کے مقابلے میں تہران کو اب واشنگٹن میں زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔ فوٹو؛ فائل

میونخ: ایران کے وزیرخارجہ جاوید ظریف نے امریکاسے کہاہے کہ وہ دھمکیاں دینا بند کرے، ایران دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہرمیونخ میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب اوربرطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انھوں نے ٹرمپ انتظامیہ پر ایران کومشتعل اورتنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کے بعد امریکا نئی پابندیاں لگا کر ایران کو مشتعل کرناچاہتاہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایران پر مزید پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تو تہران جوابی اقدام کاحق رکھتاہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں جہاں یورپ سے رشتے پربات کی وہیں ایران کو دنیا میں دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا سب سے بڑا ملک قرار دیا تھا۔

جاوید ظریف نے کہاکہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور دھمکیاں سفارت کاری کا سودمند آلہ کارنہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ ایران کسی کوچھیڑنے یا مخاصمت پیدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا لیکن وہ اپنا دفاع ضرور کرے گا۔ اوباما انتظامیہ کے مقابلے میں تہران کو اب واشنگٹن میں زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔