شہر قائد میں گوشت کی دکانیں لوٹنے والے ڈاکو گرفتار

تینوں ملزمان کو سی سی ٹی وی وڈیوکی مدد سے شناخت کیا گیا، ایس ایس پی کراچی شرقی

ملزمان نے 34 گوشت کی دکانوں میں لوٹ مارکا اعتراف کیا ہے، ایس ایس پی شرقی : فوٹو : فائل

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گوشت کی دکانیں لوٹنے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں گوشت کی فروخت کرنے والے قصابوں کے لئے خوف کی علامت سمجھنے جانے والے گوشت خور ڈاکو گرفتار ہوگئےہیں۔ ایس ایس پی کراچی شرقی فیصل چاچڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کو گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی شناخت سی سی ٹی ویڈیو کی مدد سے کی گئی۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں وسیم، زبیر اور خالد شامل ہیں۔


ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گلشن اقبال، بہادر آباد طارق روڈ، سولجر بازار اور ایف بی ایریا کی 34 گوشت کی دکانوں میں لوٹ مار کی۔ ملزمان کے خلاف ضلع شرقی کے 2 تھانوں میں 3 مقدمات درج ہیں۔

فیصل چاچڑ کا کہنا تھا کہ ملزمان کے ایک اورساتھی مفرورملزم شعیب شیخ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ہی اسے بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Load Next Story