چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر مستعفی

ویب ڈیسک  بدھ 15 مارچ 2017
ششانک منوہر تقریباً 8 ماہ تک بطور چیرمین آئی سی سی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ فوٹو: فائل

ششانک منوہر تقریباً 8 ماہ تک بطور چیرمین آئی سی سی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ فوٹو: فائل

دبئی: آئی سی سی کے پہلے چیرمین ششانک منوہر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیرمین آئی سی سی ششانک منوہر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ششانک منوہر کی جانب سے آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن کو بھیجے گئے استعفے میں وجوہات کی وضاحت نہیں کی گئیں۔ ششانک منوہر نے اپنے استعفے میں تحریر کیا کہ میں گزشتہ برس آئی سی سی کا پہلا بلا مقابلہ چیرمین منتخب ہوا اور میں نے کرکٹ کی بہتری کے لئے بورڈ کے تمام ممبرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کر غیر جابندار فیصلے کئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت کے ششانک منوہر بلامقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ششانک منوہر نے پہلے ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا کیونکہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ باڈی کی جانب سے اپنے آئندہ اجلاس کے دوران آئینی اور معاشی تبدیلیاں کرنے کے فیصلے کی منظوری دینا تھی۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کے کسی بھی قانون کی منظوری کے لئے 2 تہائی ممبرز ممالک کی منظوری ضروری ہوتی ہے لیکن بھارت اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود صرف بنگلا دیش، سری لنکا اور زمبابوے کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، اور اسی بدنامی سے بچنے کے لئے ششانک منوہر نے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

واضح رہے کہ ششانک منوہر نے گزشتہ برس آئی سی سی کے چیرمین کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور وہ 8 ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ششانک منوہر نے بگ تھری کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ششانک منوہر اس سے قبل 2008 سے 2011 تک بی سی سی آئی کے صدر رہے اور پھر جگ موہن ڈالمیا کے انتقال کے بعد انہیں ایک بار پھر بھارتی کرکٹ بورڈ کا صدر بنا دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔