مفاہمت کی سیاست نے ہزاروں گھر اجاڑ دیےمحمد حسین محنتی

سانحہ کوئٹہ پر کراچی سوگوار ہے،عوام حکومت سے عاجز ہیں،احتجاجی مظاہرے سے خطاب.

نسیم صدیقی،فاروق نعمت اللہ ، مختار برکاتی کی فرقہ وارانہ قتل اور ٹارگٹ کلنگ کی مذمت۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ اور سوات پر اہل کراچی سوگوار ہیں۔

عوام بلوچستان اور سندھ کی حکومتوں سے ہی نہیں بلکہ وفاقی حکومت سے بھی عاجز آگئے ہیں،کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے،عوام ملک میں بدامنی اور قتل عام کی ذمے دار حکومت سے نجات چاہتے ہیں،سانحہ کوئٹہ و سوات ، جنیدزاہدی،ڈاکٹر پرویز،عبدالرشید فاروقی اور حکیم محمود برکاتی سمیت تمام شہدا کے قاتل فوری گرفتار کیے جائیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیو ایم اے جناح روڈ پر سانحہ کوئٹہ، سوات، حکیم محمود برکاتی سمیت دیگر کارکنان جماعت کی شہادت اور کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی،شرکا نے حکومت کے خلاف پرجوش نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، مظاہرے سے جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی،امیر ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ،حکیم محمود برکاتی شہید کے صاحبزادے مختار برکاتی اور دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر نائب امرا جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، ڈاکٹر واسع شاکر،برجیس احمد اور دیگر ذمے داران بھی موجودتھے،محمد حسین محنتی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی مفاہمت کی سیاست نے ہزاروں گھروں کے سہاگ اجاڑ دیے ہیں اور اسکی غلط پالیسیوں نے ملک کو معاشی و بدامنی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔



حکیم برکاتی شہید کو دین کی تبلیغ کی سزا دی گئی ،نسیم صدیقی نے کہاکہ چند گھنٹوں میں 180ڈگری پر اپنی بات سے گھوم جانے والے ہی کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے ذمے دار ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ ، سوات اورکراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر ناکام صوبائی اور مرکزی حکومت استعفیٰ دے، فاروق نعمت اللہ نے کہاکہ حکیم برکاتی شہید انتہائی بلند پایہ اور بہادری و شجاعت کے پیکر تھے'شہادت ان کی شدید خواہش تھی، مختار برکاتی نے کہاکہ شہید والد محترم عالم ،طبیب اسکالر اور راہ حق کے سپاہی تھے اسی جرم کی پاداش میں انھیں شہید کیا گیا۔
Load Next Story