گجرات میں طالبات کی ویڈیوز بنا کرانہیں بلیک میل کرنے کا انکشاف

ڈی پی اوگجرات نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی ۔

ڈی پی اوگجرات نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی ۔ فوٹو: اسکرین گریپ

NEW DELHI:
گجرات میں طالبات کے ساتھ گینگ ریپ، ویڈیوز اور تصاویر بنا کر بلیک میل کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا تو پولیس نے بھی مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے گاؤں کنجاہ میں 3 ملزمان سہیل طارق، نعمان طارق اور ان کا ایک دوست ایزی لوڈ کے لیے آنے والی لڑکیوں کا ڈیٹا موبائل سےنکال کراپنے لیپ ٹاپ میں محفوظ کر لیتا اور پھریہ گروہ ذاتی تصاویرکو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتا او رمعصوم لڑکیوں کو ڈرا دھمکا کر ریپ کرتا اور اس کی ویڈیو بھی بنالیتا جب کہ گروہ نے ان لڑکیوں کے والدین کو بھی بلیک میل کرکے لاکھوں روپے بھی وصول کیے۔


طالبات کو بلیک میل اورریپ کرنے والے گینگ سے پولیس بے خبر رہی تاہم یہ خوفناک دھندہ اس وقت بےنقاب ہوا جب نہم کلاس کی ایک طالبہ خوفزدہ ہوکر خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے زہریلی گولیاں کھاکر اسپتال جاپہنچی۔ ایکسپریس نیوز نے معاملہ اٹھایا تو پولیس نے متاثرہ بچی کے چچا کی درخواست پرملزمان کے خلاف ت مقدمہ درج کرلیا اور سپراسٹور سے کمپوٹر، سی سی ٹی وی کیمرہ، 117 ویڈیو کلپس اور 700سے زائد تصاویر بھی قبضے میں لے لیں۔

دوسری جانب ڈی پی اوگجرات سہیل ظفر چھٹہ نے مرکزی ملزم سہیل طارق کی گرفتاری کی تصدیق کردی لیکن گرفتار ملزم کا کچھ پتہ نہیں کہ وہ کس جیل میں ہے جب کہ گاؤں کے لوگوں کا کہنا تھا کہ ملزمان کئی سالوں سےاس مکروہ دھندے میں ملوث ہیں اور اس گروہ کی وجہ سے ایک خاندان ہجرت بھی کرچکا ہے مگر پولیس روایتی سستی کا مظاہرہ کرتی رہی۔
Load Next Story