ماورائے آئین کسی معاہدے کی حیثیت ہے نہ کوئی مانے گا نواز شریف

10نکاتی اعلامیہ غیرجمہوری قوتوں کے ارادوں پر کاری ضرب ثابت ہوا

الیکشن کے سواتمام آپشنز کے دروازے آئین نے بندکردیے،حکومت کو آئینی مدت سے منٹ بھی آگے نہیں جانے دینگے، سربراہ ن لیگ۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہاہے بروقت انتخابات ہی ووٹ کا حقیقی تقدس ہیں، جسے پامال کرنے والوں کے ارادوں کو اپوزیشن کی جماعتوں نے متحد ہوکر ناکام بنا دیا ہے۔

ماورائے آئین کسی معاہدے کی کوئی حیثیت ہے نہ کوئی اسے مانے گا، ن لیگ کے رہنما او رسابق صوبائی وزیر رانا اکرام ربانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ رائیونڈ میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کا10نکاتی اعلامیہ غیر جمہوری قوتوں کے ارادوں پرکاری ضرب ثابت ہوا، جمہوریت کے تسلسل کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے اس طرح کے رابطے جاری رہیںگے۔ نواز شریف نے کہا کہ ملکی سیاست میں انتخابات کے علاوہ تمام آپشنز کے دروازے آئین نے بند کردیے ہیں۔ کوئی بھی غیرجمہوری قوت کسی بھی صورت میں بروقت انتخابات کو سبوتاژ نہیں کرسکتی۔




اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے انتخابات کی دوٹوک تاریخ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس تاریخ تک موجودہ حکومت کی آئینی مدت ہے اس سے آگے ایک منٹ بھی اس کونہیں جانے دیا جائیگا۔ آئندہ انتخابات پاکستان کے مستقبل کیلیے انتہائی اہم ہیں۔ عوام نے اپنے ہاتھوں سے اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے۔ اگر عوام نے آئین اور جمہوریت کے محافظوں کو ووٹ دے دیے تو پھر ان کے تمام مسائل مختصر مدتی منصوبوں کے تحت حل ہوجائیںگے۔ ھالا میں مسلم لیگ (ن)حیدرآباد ڈویژن کے صدر خالد عزیز آرائیں سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمران آئندہ اقتدار کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ عوام ان سے بیزار ہوچکے ہیں۔ ملک میں مفاہمت نہیں بلکہ منافقت کی سیاست ہورہی ہے، اصل سیاست ذاتی مفادات کے بجائے عوام کی خدمت کیلیے ہونی چاہیے۔

Recommended Stories

Load Next Story