پاک بھارت مذاکرات سے اعتماد سازی میں مدد ملے گی وزیراعظم

زلزلہ زدگان کی جلد بحالی کیلیے پر عزم ہیں، اجلاس سے خطاب، بھارتی صدر کے نام تہنیتی پیغام

زلزلہ زدگان کی جلد بحالی کیلیے پر عزم ہیں، اجلاس سے خطاب، بھارتی صدر کے نام تہنیتی پیغام فائل فوٹو

SINGAPORE:
وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل سے باہمی اعتماد قائم کرنے اور تمام تنازعات اور اختلافات کے پرامن حل میں مدد ملے گی۔ یہ بات انھوں نے بھارت کے نئے صدر پرنب مکھر جی کے نام تہنیتی پیغام میں کہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ ان کی دانشمندانہ قیادت سے دونوں ملک مل کرعوام کیلیے امن، استحکام اور خوشحالی کویقینی بنائیں گے۔ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل کو اہمیت دیتا ہے۔


علاوہ ازیں ایرا کے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت 2005 کے تمام زلزلہ زدگان کی جلد دوبارہ آبادکاری اور بحالی کیلیے پرعزم ہے۔ موجودہ حکومت کے دوران ایرا کے 8600 سے زائد منصوبے مکمل کیے ہیں جن کے لیے 4 برس میں 83 ارب روپے مختص کیے گئے جو زلزلہ زدگان کی بحالی کیلیے حکومت کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایرا کے لیے ضروری ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے ارکان قومی اسمبلی مہرین انور راجہ، ثمینہ مشتاق پگانوالہ، فرخندہ امجد وڑائچ، نور عالم خان، طارق محمود باجوہ، عنایت علی شاہ، محبوب اللہ جان اور سابق ایم این اے ملک عامر یار واران نے الگ الگ ملاقات کی۔ پرویز اشرف سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے بھی ملاقات کی اور وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

Recommended Stories

Load Next Story