مسلم کامیڈین کی تنقید سے بچنے کیلئے ٹرمپ تقریب سے غیرحاضر

ویب ڈیسک  پير 1 مئ 2017
تقریب میں مسلمان کامیڈین حسن منہاج نے صدر ٹرمپ پر جملے کسے جس پر تقریب میں موجود شرکا دل کھول کر ہنستے رہے،فوٹو:ڈیلی میل

تقریب میں مسلمان کامیڈین حسن منہاج نے صدر ٹرمپ پر جملے کسے جس پر تقریب میں موجود شرکا دل کھول کر ہنستے رہے،فوٹو:ڈیلی میل

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی جانب سے نامہ نگاروں کے اعزاز میں سالانہ عشائیے کی تقریب منعقد کی گئی لیکن جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو معلوم ہوا کہ تقریب میں مسلم کامیڈین حسن منہاج بھی شریک ہوں گے تو انہوں نے تقریب میں شرکت کے بجائے پنسلوانیا میں منعقدہ ریلی میں شرکت کو ترجیح دی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کے اعزاز میں سالانہ عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف ٹی وی چیلنجز، اخبارات اور ریڈیو سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی اور امریکی صدر کو جب معلوم ہوا کہ تقریب میں کامیڈین حسن منہاج بھی شرکت کر رہے ہیں تو انہوں نے منہاج کے تند و تیز جملوں اور بھبکیاں کسے جانے سے بچنے کے لئے پنسلوانیا میں اپنے اقتدار کے 100 روز مکمل ہونے پر منعقدہ ریلی میں شرکت کو ترجیح دی تاہم ان کی عدم شرکت کے باوجود حسن منہاج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر خوب جملے بازی کی۔

کامیڈین حسن منہاج نے اسٹیج پر آتے ہی سب سے پہلے صدر کو نشانہ بنایا اور کہا کہ آج ہمیں ایک ہاتھی سے مخاطب ہونا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ آج موجود نہیں یہی نہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سربراہ یہاں موجود نہیں شاید وہ روس میں قیام پذیر ہیں، اسٹیج پر موجود بیٹھے ایک شخص نے کہا کہ میرے خیال میں صدر پنسلوانیا میں ہیں اور وہ شاید مزاق برداشت نہیں کرسکتے۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والے سالانہ عشائیے میں امریکی صدر ترجیحی طور پر شرکت کرتے ہیں لیکن صدر ٹرمپ کی عدم شرکت نے ایک بار پھر میڈیا کی ناراضی مول لی ہے جب کہ تقریب میں مسلمان کامیڈین حسن منہاج  نے صدر ٹرمپ پر بھرپور جملے کسے جس پر تقریب میں موجود شرکا دل کھول کر ہنستے رہے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کامیڈین حسن منہاج کو جھوٹوں کا سردار قرار دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نامہ نگاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے والے دوسرے صدر ہیں، ان سے قبل 1981 میں سابق صدر رونالڈ ریگن نے سالانہ عشائیے میں شرکت نہیں کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔