کرکٹرز کی شرٹ پر درج نمبرزکے حوالے سے دلچسپ معلومات

بہت سے کھلاڑیوں نے اپنے ’’پیروں‘‘ کے مشوروں پر پسند کے نمبر منتخب کیے تھے

بہت سے کھلاڑیوں نے اپنے ’’پیروں‘‘کے مشوروں پر پسند کے نمبر منتخب کیے تھے ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

KARACHI:
پاکستانی اسکواڈ میں شامل 10 کھلاڑی پہلی بار چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لیں گے جب کہ کرکٹرز کی شرٹ پر درج نمبرزکے حوالے سے بھی دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں جس کیلئے بہت سے کھلاڑیوں نے اپنے ''پیروں'' کے مشوروں پر پسند کے نمبر منتخب کیے تھے اور مسلسل تنازعات کے شکار عمر اکمل نے قسمت بدلنے کیلئے چند برس قبل 96 سے پیچھا چھڑا کر نمبر 3 اپنایا مگر وہ بھی انھیں راس نہ آیا۔

چیمپئنز ٹرافی یکم جون سے برطانیہ میں شروع ہوگی، پاکستانی 15 رکنی اسکواڈ کے 10 پلیئرز پہلی بار ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں، شعیب ملک 6، محمد حفیظ 3 جب کہ محمد عامر، جنید خان اور وہاب ریاض 2،2 بار چیمپئنز ٹرافی میں ایکشن میں نظر آ چکے ہیں۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران پلیئرزکی شرٹس پر نام و نمبر درج ہوتے ہیں، ان کا انتخاب کھلاڑی خود ہی کرتے ہیں، ایک بار کسی کو نمبر الاٹ ہو جائے تو عموماً تبدیل نہیں کیا جاتا، البتہ خصوصی کیسز میں ایسا ممکن ہے، جیسے سابق کپتان و موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی شرٹ کا نمبر 8 پانے کیلئے محمد حفیظ نے درخواست کی جسے قبول کر لیا گیا تھا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :عمر اکمل کی ایک اور ڈانس وڈیو

بیٹسمین عمر اکمل ان دنوں مسلسل مسائل کا شکار ہیں، قسمت بدلنے کیلئے انہوں نے چند برس قبل 96 سے پیچھا چھڑا کر نمبر3 اپنایا مگر وہ بھی راس نہ آیا اور اب ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان کی جگہ لینے والے حارث سہیل پہلے 80 نمبر کی شرٹ پہنتے تھے مگر ورلڈکپ 2015سے 89 واں نمبر استعمال کرنے لگے، بعض کھلاڑی اپنے ''پیروں'' سے مشورے کے بعد بھی شرٹ نمبر منتخب کرتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل پلیئرز کی شرٹ پر یہ نمبرز درج ہوں گے، سرفراز احمد 54، احمد شہزاد 19، اظہر علی 79، بابر اعظم56، فہیم اشرف 41، فخر زمان39، حسن علی32، عماد وسیم 9، جنید خان 83،محمد عامر5، محمد حفیظ 8، شاداب خان29، شعیب ملک18، وہاب ریاض47 اور حارث سہیل89 نمبر والی شرٹ پہنیں گے۔
Load Next Story