شارک کا چھلانگ لگا کر کشتی میں موجود مچھیرے پر حملہ

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2017
شارک اتنی وزنی تھی کہ اسے لفٹر کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

شارک اتنی وزنی تھی کہ اسے لفٹر کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

کینبرا: سمندر میں شکار جان جوکھوں کا کام ہوتا ہے اور بعض اوقات ایسے واقعات بھی رونما ہو جاتے ہیں جس سے زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے، ایسا ہی کچھ ہوا آسٹریلیا میں جب ایک بھاری بھرکم شارک سمندر کے پانی سے چھلانگ لگا کر کشتی میں گھس آئی اور مچھیرے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کردیا۔

آسٹریلیا میں 73 سالہ ٹیری سیل ووڈ نیو ساؤتھ ویلز کے ساحل پر شکار میں مصروف تھا کہ اچانک ایک 200 کلو گرام وزنی بھاری بھرکم سفید شارک دھڑام سے ان کی کشتی میں آ گری اور مچھیرے پر حملہ کردیا، 8.8 فٹ لمبی شارک کے اچانک حملے میں ٹیری سیل ووڈ کشتی میں گر کر شدید زخمی ہو گئے اور ان کے بازو پر گہرے زخم آئے۔

ٹیری سیل گھبرانے کے بجائے ہمت سے کام لیتے ہوئے فوراً کشتی میں بلند جگہ پر چڑھ گئے اور کسی طرح ریڈیو تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جس کے ذریعے انہوں نے مدد طلب کی جب کہ اس دوران مچھلی نے کشتی کے عرشے پر تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹیری سیل ووڈ نے بتایا کہ شارک کے اچانک حملے کے باعث سکتے میں آ گیا تھا لیکن ہوش سنبھلتے ہی  کسی نہ کسی طرح شارک کے پنجوں سے نکلنے میں کامیاب ہوا تاہم اس دوران جسم کا اچھا خاصہ خون ضائع ہو گیا۔

میرین ریسیکو فورس کے اہلکاروں نے بتایا کہ جب وہ کشتی تک پہنچے تو خون میں لت پت ٹیری کشتی کے ایک کونے میں ادھ موئے پڑے تھے، فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیری کو بچایا اور کشتی کو کنارے تک لائے جبکہ شارک اتنی وزنی تھی کہ اسے لفٹر کی مدد سے باہر نکالا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔