وزیراعظم ہاؤس میں قومی کرکٹرز کے اعزاز میں تقریب 5 جولائی کو ہوگی

وزیراعظم نواز شریف چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں اور 13 آفیشلز کو انعامات سے نوازیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں اور 13 آفیشلز کو انعامات سے نوازیں گے— فوٹو : فائل

چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب 5 جولائی کو ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں وزیراعظم نواز شریف کھلاڑیوں اور آفیشلز کو انعامی رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔ وزیراعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کو فی کھلاڑی ایک کروڑ روپے اور ٹیم آفیشلز کے 13 ارکان کو 50 لاکھ روپے فی کس ادا کیے جائیں گے۔


وزیراعظم ہاؤس نے سیکریٹری فنانس ڈویژن اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریوینیوز کو ہدایت کی ہے کہ 15 کھلاڑیوں اور 13 ٹیم آفیشلز کے نام کے چیک تیار کرکے وزیراعظم ہاؤس کو بھیجے جائیں تاکہ تقریب میں انہیں کھلاڑیوں کے حوالے کردیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو بدترین شکست دی تھی جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
Load Next Story