بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب ایل او سی پر اشتعال انگیزی کیخلاف احتجاج

بھارت واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے، پاکستان کا احتجاجی مراسلے میں مطالبہ

بھارت سیز فائر معاہدے اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، دفتر خارجہ۔ فوٹو؛ فائل

لاہور:
پاکستان نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر رگھورام کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر رگھو رام کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔


اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ 28 جون کو لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے بے گناہ شہری عبدالوہاب شہید جب کہ 4 زخمی ہوئے، بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی وقار کے خلاف ہے۔ بھارتی حکام واقعہ کی تحقیقات کریں اور زمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ بھارت میں بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی قابض فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ کررکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک پاک فوج کے درجنوں جوان اور شہری جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

 
Load Next Story