نوابشاہ مقابلے میں3خطرناک ملزمان گرفتار بھاری اسلحہ برآمد

ایئر پورٹ کےقریب گوٹھ پر چھاپہ، ملزمان کی پولیس پر اندھا دھند فائرنگ، گرفتار شدگان سو مقدمات میں مطلوب ہیں، ڈی ایس پی۔

فوٹو: فائل

نواب شاہ ایئر پورٹ کے قریب واقع گوٹھ پر پولیس کا چھاپہ، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔


ایک گھنٹہ کے مقابلے کے بعد 3 خطرناک ملزمان گرفتار، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد،گرفتار ملزمان 100 سے زائد اغوا برائے تاوان، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں مطلوب تھے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایئر پورٹ کے قریب نواب شاہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے گوٹھ جمع بھنگوار پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی پولیس موبائلوں پر فائرنگ شروع کردی۔

جس کی وجہ سے پولیس نے مزید نفری طلب کرلی جس کے بعد ڈی ایس پی سٹی عبدالقادر سموں اور ڈی ایس پی صدر راجا فرخ یونس پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچے اور گوٹھ کا محاصرہ کرلیا اور ایک گھنٹہ کے پولیس مقابلے کے بعد 3 انتہائی خطرناک ملزمان میر محمد بھنگوار، شیر محمد بھنگوار اور سکندر بھنگوار کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کلاشنکوف، رپیٹر، پسٹل اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس برآمد کرلیے۔ مقابلے کے دوران گروہ کا سربراہ پیر بخش عرف پیرو بھنگوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی راجا فرخ یونس اور ڈی ایس پی عبدالقادر سموں نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان 100 سے زائد اغوا برائے تاوان، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، رہزنی و دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ضلع نواب شاہ ، سانگھڑ اور دیگر اضلاع کی پولیس کو مطلوب ہیں۔
Load Next Story