سرحدی کشیدگی کے پیش نظر چینی شہریوں کو بھارت میں محتاط رہنے کی ہدایت

چینی وزارت خارجہ نے بھارت کا سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

وہ افراد جو بھارت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں یا بھارت میں موجود ہیں وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، چینی وزارت خارجہ —فوٹو: فائل

بھارت کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر چین نے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بھارت کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور وہاں قیام پزیر باشندے محتاط رہیں۔

بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں بھارت میں موجود چینی شہریوں کو محتاط رہنے اور سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں چینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ بھارت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں یا بھارت میں موجود ہیں تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: چین سکم کی آزادی کی حمایت کرسکتا ہے، سرکاری میڈیا کا بھارت کو انتباہ


چینی وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ محض ہدایات ہیں کوئی الرٹ نہیں، البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ ایڈوائزری اور الرٹ میں کیا فرق ہوتا ہے تاہم عام طور پر یہی خیال کیا جاتا ہے کہ الرٹ کے مقابلے میں ایڈوائزری کی سنگینی کم ہوتی ہے۔ پانچ جولائی کو چین نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرنے پر غور کررہا ہے تاہم اس کا فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارت 62 کی جنگ سے سبق حاصل کرتے ہوئے کسی محاذ آرائی سے بازرہے، چین

واضح رہے کہ بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان سکم کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور چین نے بھارتی فوجیوں پر دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت دراندازی اور چھیڑ چھاڑ سے باز نہ آیا تو چین ریاست سکم کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کر سکتا ہے۔
Load Next Story