بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگیبارش سے سڑکیں زیر آب بیشتر نالے ابل پڑے

نشیبی علاقوں میں برساتی پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگاجس کے باعث سیوریج کا نظام ناکارہ ہوگیا

شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے مقامات پر بارش کے بعد کیچڑ پھیل گیا، لوگوں کو پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا،درجنوں موٹرسائیکل سوار گرکر زخمی ہوگئے ۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی میں بدھ کو ہونے والی موسلادھار اور ہلکی و بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کے باعث بارش اس بار بھی شہریوں کے لیے زحمت بن گئی۔

برساتی نالے صاف نہ ہونے کی وجہ سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی نہ ہوسکی اہم شاہراہیں، سڑکیں اور اندرونی گلیاں زیر آب آگئیں، نشیبی علاقوں میں برساتی پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، بیشتر نالے ابل پڑے، شہر بھر میں سیوریج کا نظام ناکارہ ہوگیا، جگہ جگہ گٹر ابلنے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بدھ کو موسلادھار بارش ہوئی شہر کے نشیبی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہوکر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، لانڈھی کورنگی، ملیر اور ملحقہ علاقوں میں صوتحال سب سے زیادہ خراب رہی، کورنگی صنعتی ایریا، گودام چورنگی تا چمڑا چورنگی، ویٹا چورنگی تا بلال چورنگی ، لانڈھی نمبر ایک تا 6نمبر، لانڈھی 5ہزار روڈ سے ملحقہ برساتی نالہ ابلنے سے کئی سڑکیں زیر آب آگئیں اور بدترین ٹریفک ہوگیابرساتی پانی یونیورسٹی روڈ، شیرشاہ سوری روڈ، شاہراہ پاکستان، جہانگیر روڈ، کورنگی روڈ، ابن سینا روڈ، راشد منہاس روڈ، بہادر آباد روڈ اور دیگر سڑکوں پر جمع ہوگیا۔


گلشن اقبال ، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، نیوکراچی، لانڈھی، ملیر ، کورنگی، شاہ فیصل کالونی ، جعفر طیار سوسائٹی، لیاقت آباد، محمودآباد، منظور کالونی اور دیگر علاقوں میں سیوریج کا نظام چوک ہونے سے جگہ جگہ گٹر ابلنے لگے جس صورتحال ابتر ہوگئی ہے، بلدیاتی اداروں کی جانب سے برساتی نالے ابھی تک صاف نہیں کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے بارشوں میں برساتی پانی کی بروقت نکاسی نہیں ہوپاتی جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔

شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے مقامات پر بارش کے بعد کیچڑ پھیل گیا جس کی وجہ سے ان علاقوں سے گاڑیوں اور شہریوں کا گزرنا محال ہوگیا ،گرین لائن اور اورنج لائن منصوبوں کے مختلف مقامات پر کیچڑ اور پھسلن سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہااور بیشتر مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا اورنگی ٹائون کے علاقے میں ترقیاتی کام متاثر ہوا اس علاقے میں بنارس سے اورنگی تھانے تک ایک کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے بارش کے باعث کام رک گیا اور پورے علاقے میں کیچڑ پھیل گیا ۔

جس کی وجہ سے گاڑیاں گڑھوں اور کیچڑ میں پھنس گئیں بیشتر مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہوگیا بارش کے بعد اس سڑک پر کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہا،ملیرسٹی کے اطراف بھی ترقیاتی کاموں کے مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ،پھسلن سے بعض موٹرسائیکل سوار گرکر زخمی ہوگئے، ایمپریس مارکیٹ سمیت اولڈ سٹی ایریا کے بعض مقامات پر بھی سیوریج نظام کی درستگی کے لیے کام جاری ہے اورسڑکوں کو کھود دیا گیا ہے۔

بدھ کو ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں کھدائی کے دوران نکلنے والی مٹی کیچڑ بن گئی اور سڑکوں پر پھیل گئی جس سے ان علاقوں میں شہریوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا، صفورا کے علاقے میں بھی ترقیاتی کاموں کے مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا صفورا کی سڑک کے کنارے پڑی ہوئی مٹی سے کیچڑ پھیل گئی رات کے اندھیرے میں اس علاقے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
Load Next Story