اقدام قتل کا جرم ثابت مجرم کو 7 سال قید کی سزا

ملزم کو راہ گیر سے لوٹ مار کرتے ہوئے گرفتار کیاگیا،پستول برآمد ہوئی تھی

ملزم کو راہ گیر سے لوٹ مار کرتے ہوئے گرفتار کیاگیا،پستول برآمد ہوئی تھی فوٹو: فائل

لاہور:
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی امینہ نذیر انصاری نے پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم یعقوب انور کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر7سال قید کا حکم دیا۔

فاضل عدالت نے ملزم کو اقدام قتل میں 5سال قید اور پولیس مقابلے میں 2سال قید کی سزا سنائی جبکہ ڈکیتی میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا، استغاثہ کے مطابق 2011ء میں جمشید کوارٹر پولیس نے ملزم کو راہ گیر سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے ہوئے مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کیا تھا۔




علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی صدرالدین بھیو نے اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار ملزم کریم اللہ کو جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3ماہ قید بھگتنا ہوگی ، استغاثہ کے مطابق پاکستان بازار پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا،اسی فاضل عدالت نے اسلحہ ایکٹ کے ایک اور ملزم احمد حسن کو جرم قبول کرنے پر 6ماہ قید کی سزا کا حکم دیا،ملزم کو پاکستان بازار پولیس نے گرفتار کرکے اس قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کی تھی۔
Load Next Story