اردن میں اسرائیلی سفارت خانے پر حملہ، ایک شخص ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 23 جولائی 2017
سیکیورٹی فورسز نے سفارتخانے کو گھیرے میں لے کر اسے فوری طور پر بند کردیا— فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز نے سفارتخانے کو گھیرے میں لے کر اسے فوری طور پر بند کردیا— فوٹو : فائل

عمان: اردن میں اسرائیلی سفارت خانے پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن کے دارالحکومت عمان میں واقع اسرائیلی سفارت خانے پر نامعلوم افراد کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے سفارت خانے کو گھیرے میں لے کر اسے فوری طور پر بند کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: صہیونی اشتعال انگیزی پر فلسطین میں کشیدگی، جھڑپوں میں 3 اسرائیلی ہلاک

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی سفارت خانے کے اندر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ ہلاک ہونے والا شخص اردن کا شہری ہے جبکہ ایک اسرائیلی شہری شدید زخمی ہے جس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ اسرائیلی سفارت خانہ عمان کے رہائشی علاقے رابعہ میں واقع ہے۔ واقعے کے بعد سفارتخانے کے اطراف فوج تعینات کردی گئی۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور اردن کے درمیان 1994 میں امن معاہدہ طے پایا تھا تاہم ان دنوں کشیدگی عروج پر ہے کیوں کہ اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے مقدس مقامات پر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی ہے جس پر فلسطینی مسلمانوں کو اعتراض ہے اور وہ اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ جمعے کے روز عمان میں بھی ہزاروں شہریوں نے اسرائیلی اقدامات کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی تھی۔ مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کے انتظامات سرکاری طور پر اردن کے پاس ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔