اگر ایک ٹانگ کٹ بھی جاتی توبھی پاکستان کے خلاف میچ ضرور کھیلتا،دھونی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 29 اگست 2017
سابق کپتان کے ٹیم کے لیے خلوص پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا،ایم ایس کے پرساد ۔ فوٹو : فائل

سابق کپتان کے ٹیم کے لیے خلوص پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا،ایم ایس کے پرساد ۔ فوٹو : فائل

نئی دہلی: سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے مہندرا سنگھ دھونی کے چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد بھی گن گانے لگے، انہوں نے کہا کہ سابق کپتان کے ٹیم کے لیے خلوص پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔

چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے انکشاف کیا کہ ڈھاکا میں ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے ایک روز قبل جم پریکٹس کے دوران مہندرا سنگھ دھونی کی کمر میں ایسی تکلیف ہوئی کہ ہاتھوں سے ویٹ گرگیا، یہ اچھا ہوا کہ وہ ان کے اوپر نہیں آیا، انھوں نے بڑی مشکل سے الارم بیل بجائی جس پر میڈیکل اسٹاف اندر پہنچا اور انھیں اسٹریچر پر لے گیا۔

ایم ایس کے پرساد نے کہا کہ میں اس وقت سلیکٹر تھا، میں نے مہندرا سنگھ دھونی سے پوچھا کہ کیا آپ پاکستان کے خلاف کھیل پائیں گے تو انھوں نے مجھے کہا کہ میری فکر نہ کریں اور بعد میں کھیلنے کے لیے تیار بھی ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ اگر میری ایک ٹانگ کٹ بھی جاتی تب بھی پاکستان کے خلاف میچ ضرور کھیلتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔