کراچی میں 7سالہ معصوم بچی سے جنسی زیادتی

اسٹاف رپورٹر  منگل 14 مئ 2024
واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

کراچی میں درندہ صفت ملزمان نے 7 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

کراچی کے علاقے پاکستان بازار پولیس نے7سالہ معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے کامقدمہ متاثرہ بچی کے دادا کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے  تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بچی اورنگی ٹاؤن سیکٹر سولہ اتحاد کالونی کچی آبادی کی رہائشی ہے اور پیر کی شام 4 بجے کھیلنے کے لئے گھر سے نکلی تھی۔ بچی زخمی حالت میں شام 5 بجے  روتی ہوئی گھر لوٹی۔ بچی کو قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں طبی امداد دی گئی۔

پولیس سرجن کے مطابق طبی معائنے میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ زخمی بچی کے طبی معائنے کے ساتھ ڈی این اے کے سیمپل بھی لیے گئے ہیں۔ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے گھر کے اطراف کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہیں۔  اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے ساتھ انٹیلی جنس بنیادوں پر بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔