مصباح الحق بڑھتی عمر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 29 اگست 2017
چیمپئنز ٹرافی میں ناکام وہاب ریاض، فخرزمان سے50ہزار ڈالر زیادہ حاصل کرینگے۔ فوٹو : فائل

چیمپئنز ٹرافی میں ناکام وہاب ریاض، فخرزمان سے50ہزار ڈالر زیادہ حاصل کرینگے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: تینتالیس سالہ بیٹسمین ریٹائر ہونے کے بعد لیگز کی بھی ضرورت نہ رہے، گلوبل ٹی ٹوئنٹی میں کسی فرنچائز نے خدمات حاصل نہیں کیں۔

جنوبی افریقی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پاکستان کے 9کرکٹرز فرنچائزز کی توجہ کے مستحق ٹھہرے لیکن مصباح الحق، احمد شہزاد،اظہر علی، سہیل خان، کامران اکمل، محمد عباس، سلمان بٹ، سہیل تنویر، سعید اجمل، عمر گل، سمیع اسلم اور عبدالرزاق کو کسی نے لفٹ نہ کرائی جب کہ رواں سال مئی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مصباح الحق بنگلادیش پریمیئر لیگ کا بھی حصہ نہیں بنے تاہم 43سالہ بیٹسمین نے رواں سال فروری میں پی ایس ایل میچز کے بعد ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی بلز میں شرکت کی تھی، بعد ازاں لارڈز میں ایم سی سی کی طرف سے افغانستان کیخلاف میچ میں ایکشن میں نظر آئے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کو نوجوانوں کا فارمیٹ قرار دینے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تائید وحمایت سے ان کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں فیصل آباد کا کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن جنوبی افریقی گلوبل لیگ میں کسی ٹیم نے خدمات حاصل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں ناکامی کے بعد پورا ایونٹ باہر بیٹھ کر دیکھنے والے احمد شہزاد کو بھی کسی فرنچائز نے لینا گوارا نہیں کیا، مگرایک میچ میں پٹائی کے بعد انجرڈ ہوکر وطن واپس آنے والے پیسر وہاب سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، انھیں ایک لاکھ 15 ہزار ڈالر ملیں گے، تنازعات اور فٹنس مسائل کے باعث قومی ٹیم سے باہر عمر اکمل اور انورعلی کو 1، 1 لاکھ، عماد وسیم کو 85 ہزار، محمد حفیظ کو 75ہزار ڈالر پانے کا موقع ملے گا جب کہ چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو فخر زمان کو صرف 65 ہزار ڈالرز ملیں گے اور یاسر شاہ کو 60ہزار ڈالر میں خریدا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔