عجمان فری زون میں پاکستانی سرمایہ کاری کیلیے لابنگ

عجمان فری زون میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان 5 سرفہرست ممالک میں شامل ہے،ہیڈ کسٹمر سروس عجمان فری زون اتھارٹی

عجمان فری زون کا 3 رکنی وفد پاکستانی سرمایہ کاروں سے کراچی میں ملاقاتیں بھی کرے گا۔ فوٹو : آن لائن

KARACHI:
مشرق وسطیٰ کے ممالک میں دستیاب کاروباری مواقع سے استفادے اورکاروباری سرگرمیوں کو توسیع دینے کیلیے عجمان فری زون میں پاکستانی سرمایہ کارتیزرفتاری کے ساتھ سرمایہ کاری منصوبے ترتیب دے رہے ہیں۔

عجمان فری زون میں فی الوقت دنیا بھر کی 7200سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ زون میں بلحاظ سرمایہ کاری پاکستان کا شمار 5 سرفہرست ممالک میں ہوتا ہے۔ یہ بات عجمان فری زون اتھارٹی کے ہیڈ آف کسٹمر سروس علی حسین فہمی نے پیر کوکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی، اس موقع پر عجمان فری زون کے ہیڈ آف فنانشل پلاننگ ڈویژن عبد اللہ یحییٰ گوھر اورمنیجرکسٹمر سروس رفیعہ السویدی بھی موجود تھیں۔




علی فہمی نے بتایاکہ عجمان فری زون کا 3 رکنی وفد پاکستانی سرمایہ کاروں سے منگل کوکراچی میں منعقدہونے والے سیمینار میں ملاقاتیں کرے گا اورانہیں عجمان فری زون میں دستیاب کاروباری مواقع اورترغیبات سے متعلق آگاہ کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل عجمان فری زون اتھارٹی محمود الہاشمی نے کہا کہ عجمان فری زون میں دنیا بھر سے 7ہزار سے زائد کمپنیوں نے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلیے اپنے کاروبار کاآغاز کیا ہے اور ہم سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کرکے انہیں ان کے کاروبارمیں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

ہیڈ آف فنانشل پلاننگ ڈویژن عبد اللہ یحییٰ گوھر نے بتایاکہ پوری دنیا سے سرمایہ کاروں کو دعوت دینے کیلیے کاروبار شروع کرنے کے مراحل کو نہایت آسان بنایاگیا ہے، عجمان میں 100فیصد ملکیت، منافع کی 100فیصد منتقلی اور کسی قسم کے انکم ٹیکس کا نہ ہونا بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلیے عجمان میں سرمایہ کاری کرنے کے فوائد میں سے ہے۔ منیجرکسٹمر سروس رفیعہ السویدی نے کہاکہ عجمان ہر طرح کے کاروبار کرنے والے سرمایہ کاروں کیلیے مختلف اقسام کے لائسنس جاری کرتاہے، ٹریڈنگ لائسنس برائے درآمدات و برآمدات، سروس لائسنس، انڈسٹریل لائسنس اور نیشنل انڈسٹریل لائسنس ان میں شامل ہیں۔
Load Next Story