ون ڈے کے ہیرو بابر اعظم ٹیسٹ میں زیرو ثابت ہوئے

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف 9.75 کی معمولی اوسط سے 4 اننگز میں صرف 39 رنز بنائے

 اسد شفیق نے آخری اننگزسے ابتدائی ناکامیوں پر پردہ ڈال دیا،بولرز میں یاسر نمایاں۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

ون ڈے کرکٹ کے ہیرو بابر اعظم ٹیسٹ میں زیرو ثابت ہوئے۔

پاکستان کیلیے سری لنکا سے 2میچز کی سیریز انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی جس میں اہم پلیئرز ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے میں بُری طرح ناکام رہے۔ سب سے مایوس کن پرفارمنس بابر اعظم کی رہی، ان کی ون ڈے میں پرفارمنس بہت ہی شاندار ہے مگر 2 ٹیسٹ کی چار اننگز میں وہ 9.75 کی اوسط سے صرف 39 رنز ہی اسکور کرپائے جو کسی بھی صورت تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کھلاڑی کے شایان شان نہیں ہیں۔


بیٹنگ ایوریجز میں سب سے اوپر اسد شفیق نے دبئی ٹیسٹ کی آخری اننگز میں 112 رنز بناکر اپنی ابتدائی ناکامیوں کی تلافی کردی، انھوں نے مجموعی طور پر سیریز میں 45.75 کی اوسط سے 183 رنز بنائے، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے حارث سہیل نے 44 کی اوسط سے 176 رنز اسکور کیے، اظہر علی بھی سینئر کا کردار نبھا نہ پائے، انھوں نے 40.25 کی ایوریج سے 161 رنز بنائے، سرفراز احمد نے 119 رنز جوڑے، اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم نے سست رفتاری سے کھیل کر نہ صرف ٹیم پر دباؤ بڑھایا بلکہ شروع میں اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں بھی نہیں ڈھال پائے، دونوں نے بالترتیب 103 اور 93 رنز اسکور کیے۔

دوسری جانب بولرز میں یاسر شاہ 16 وکٹوں کے ساتھ آگے رہے، فاسٹ بولر محمد عباس نے 8 وکٹیں لیں، حارث سہیل اور وہاب ریاض کے حصے میں 5، 5 وکٹیں آئیں، حسن علی نے ایک میچ میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابوظبی میں خالی ہاتھ رہنے والے محمد عامردبئی میں انجرڈ ہونے سے قبل صرف ایک ہی وکٹ لے سکے۔
Load Next Story