فنڈز کی عدم فراہمی این ای ڈی اور جامعہ کراچی آج ملازمین کو تنخواہیں نہیں دینگی

این ای ڈی یونیورسٹی نے مالی بحران پر قابو پانے کیلیے 10ملازمین فارغ کردیے، مستقل ملازمین سے مختلف مراعات واپس

این ای ڈی یونیورسٹی نے مالی بحران پر قابو پانے کیلیے 10ملازمین فارغ کردیے، مستقل ملازمین سے مختلف مراعات واپس فوٹو: فائل

لاہور:
اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی جانب سے فنڈکی عدم فراہمی کے سبب این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اورجامعہ کراچی کی دستیاب تاریخ میں پہلی بارآج یکم مارچ کودونوں جامعات میں تنخواہیں ادانہیں کی جائیں گی۔

این ای ڈی یونیورسٹی نے مالی بحران پرقابوپانے کیلیے10کنٹریکٹ ملازمین کوفارغ کرتے ہوئے مستقل ملازمین سے مختلف مراعات واپس لے لی ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی گریڈون سے 15گریڈتک کے ملازمین کی تنخواہیں بینک سے قرض لے کرآئندہ 2روزمیں اداکریگی جبکہ وائس چانسلرسمیت تمام افسران واساتذہ کو تنخواہیں کی ادائیگی ایچ ای سی کے فنڈزسے مشروط کردی گئی ہے، ادھر جامعہ کراچی نے فنڈکے حصول کی صورت میں تنخواہیں آئندہ ہفتے اداکرنے کافیصلہ کیا ہے، جامعہ کراچی کے نچلے گریڈ کے ملازمین ابتدائی تاریخوں میں تنخواہوں سے محروم رہیں گے۔

 




دوسری جانب این ای ڈی یونیورسٹی نے بدترین مالی بحران اوروفاقی حکومت کی جانب سے فنڈنہ ملنے کے سبب کنٹریکٹ پرکام کرنیوالے 3 پروفیسرزسمیت 10سے زائد کنٹریکٹ افسران کوملازمت سے فارغ کردیا، ملازمت سے فارغ ہونیوالوں میں ڈاکٹر پٹھان، ڈاکٹرصمد اورڈاکٹرانصاراحمد خان شامل ہیں جبکہ فارغ کیے گئے دیگرملازمین میں گریڈ 16سے 18گریڈتک کے افسران بھی شامل ہیں، تینوں پروفیسرز کی تنخواہیں انفرادی طورپرسوا سے ڈیڑھ لاکھ روپے تھیں، این ای ڈی یونیورسٹی نے مالی بحران کے سبب انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے تمام افسران سے ٹیلیفون اورموبائل فون کی سہولتیں واپس لے لیں۔

وائس چانسلر، رجسٹراراورڈین سمیت کسی بھی انتظامی افسرکوفون کے بلوں کی مدمیں ادائیگی روک دی گئی ہے، افسران کوکنونس الائونس کی مدمیں ملنے والی پٹرول اورگیس کی رقم کی حد 5 ہزار مقرر کردی گئی، اس سے قبل یہ رقم 14ہزارتک اداکی جارہی تھی، مزید براں یونیورسٹی نے کنٹریکٹ ملازمین کاپے اسکیل بھی10فیصد کم کردیا، یونیورسٹی کی جانب سے بین الاقوامی ''پروفیشنل انجینئرنگ باڈیز''کی رکنیت کیلیے اساتذہ کودی جانے والے رکن سازی فیس کی ادائیگی روک دی گئی ہے اوریونیورسٹی ان تمام باڈیز کی رکنیت سے از خود دستبردارہوگئی ہے۔
Load Next Story