ون ڈے سیریز میں عماد وسیم کمزور کڑی بابر اعظم کا بیٹ سرگرم

101کی اوسط سے303رنز،بولنگ میں حسن علی نے سب سے زیادہ 14 شکار کیے

عماد وسیم بولنگ میں بھی اپنا تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔ فوٹو : فائل

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عماد وسیم کمزور کڑی ثابت ہوئے جبکہ بابر اعظم کا بیٹ سب سے زیادہ سرگرم رہا۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا، اس شاندار کامیابی میں بیٹسمینوں اور بولرز دونوں نے ہی اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ بابر اعظم نے 101 کی ایوریج سے 4 میچز میں 303 رنز بنائے،اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ75 رہا، شعیب ملک نے 4 میچز میں 80.50 کی ایوریج اور 102.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے 161 رنز اسکور کیے۔


نوجوان اوپنر امام الحق نے 3 میچز میں 73.50 کی ایوریج اور 76.56 کے اسٹرائیک ریٹ سے 147 رنز بنائے، فخر زمان نے تمام پانچوں میچز کھیل کر 29.60 کی مایوس کن ایوریج سے صرف 148 رنز اسکور کیے،'ہارڈ ہٹر' کے طور پر شناخت رکھنے والے اوپنر کا اسٹرائیک ریٹ بھی 84.57 رہا۔

محمد حفیظ نے 4 میچز میں 27.66 کی اوسط سے 83 رنز بنائے، عماد وسیم کو 2 میچز میں بیٹنگ کا موقع ملا اور وہ 18 رنز بنا پائے، احمد شہزاد نے بھی اتنے ہی میچز میں صرف 8 رنز اسکور کیے اور ڈراپ ہوگئے جب کہ سرفراز احمد کی2 میچز میں باری آئی اور وہ صرف 6 رنز بنا پائے۔

دوسری جانب بولرز میں حسن علی 14 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر رہے، ان کی ایوریج 11.28 اور اکانومی ریٹ 3.67 رہا، شاداب خان نے 16.30 کی اوسط سے 10 شکار کیے، آخری میچ میں سری لنکن بیٹنگ لائن پر تباہی ڈھانے والے عثمان شنواری نے 2 میچز میں مجموعی طور پر 6 اوررومان رئیس نے 4 وکٹیں لیں جب کہ عماد وسیم بولنگ میں بھی اپنا تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور چار میچز میں صرف 2 کھلاڑیوں کو ہی آئوٹ کرپائے۔ حفیظ اور جنید خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story