سری لنکن کوچ بورڈ چیف کی غلط بیانی پر حیران

کوئی دورئہ پاکستان پر مجبور نہیں کرسکتا،فیملی میرے جانے پر راضی نہیں،پوتھاس

کسی کو مجھے بھی ایسے کام پر مجبور نہیں کرنا چاہیے جس پر میں راضی نہیں ہوں، کوچ۔ فوٹو : نیٹ

سری لنکا کے ہیڈ کوچ نک پوتھاس بورڈ چیف کی غلط بیانی پر حیران رہ گئے.


نک پوتھاس کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی لاہور جانے پر مجبور نہیں کرسکتا، انھوں نے یہ بات ایس ایل سی کے صدر سماتھی پالا کے اس بیان کے حوالے سے کہی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پوتھاس بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان جائیں گے۔


کوچ نے کہاکہ فیملی میرے ٹیم کے ساتھ وہاں جانے پر راضی نہیں اور میرے لیے فیملی ہی سب کچھ ہے، ہر کسی کو اپنا فیصلہ کرنے کا موقع دیا گیا، کسی کو مجھے بھی ایسے کام پر مجبور نہیں کرنا چاہیے جس پر میں راضی نہیں ہوں، یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھااس کا احترام کیا جانا چاہیے۔


دریں اثنا نک پوتھاس نے ون ڈے ٹیم میں پاکستان کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت گرین شرٹس بہترین فارم میں ہیں، اگر انھیں صبح تین بجے بھی اٹھنا پڑے تب بھی وہ میچ کے دوران اپنی حکمت عملی پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کو اپنے 2 اہم کھلاڑیوں کا ساتھ میسر نہیں تھا اور وہ تبدیلی کے دور میں ہے، اس لیے ہمیں کامیابی نہ مل سکی مگر ایک روزہ فارمیٹ میں وہ کافی مستحکم ہے۔

ایک سوال پر پوتھاس نے کہاکہ میں پاکستانی کپتان سرفراز کی اس بات سے 100 فیصد اتفاق کرتا ہوں کہ ان کے پاس اس وقت دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک موجود ہے۔
Load Next Story