مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سید صلاح الدین کا بیٹا گرفتار

نئی دلی: بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے  حریت پسند جماعت حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کے بیٹے سید شاہد یوسف پر عسکریت پسندوں سے مالی معاونت  کا الزام لگا کر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے الزام عائد کیا کہ سید شاہد یوسف کئی برسوں سے  کالعدم حزب المجاہدین کے اہم رہنما اعجاز احمد بھٹ سے فنڈز وصول کرتے رہے۔

این آئی اے نے مجاہدین سے تعلق اور ان سے لین دین کے الزام میں پہلے ہی حریت رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے  اور ان میں سے چیئرمین تحریک حریت  سید علی گیلانی کے دست راز غلام احمد بھٹ کو گرفتار کرکے این آئی اے کی خصوصی عدالت میں مقدمہ چلایا جارہا ہے جب کہ دیگر 2 افراد محمد مقبول اور اعجاز احمد بھٹ کو مفرور قرار دے کر ان کے ریڈوارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید

42 سالہ یوسف صلاح الدین اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے زراعت میں پوسٹ گریجویٹ کی  ڈگری حاصل کررکھی ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کے ایک گاوں میں زراعت کے شعبہ میں  ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا بھارت کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرچکا ہے۔