ہائی جیکنگ کی افواہ پر بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

ممبئی سے دہلی جانے والی مسافر پرواز میں خط ملا جس میں طیارے کا رخ آزاد کشمیر کی طرف موڑنے کا مطالبہ کیا گیا

ممبئی سے نئی دہلی جانے والی مسافر پرواز کی احمد آباد میں ہنگامی لینڈنگ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
بھارت میں دوران پرواز ہائی جیکنگ کی افواہ ملنے پر طیارے کو ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سے نئی دہلی جانے والی مسافر پرواز کے عملے میں اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب طیارے کو ہائی جیک کرنے کی دھمکی ملی۔ عملے کو طیارے کے بیت الخلا سے خط ملا جس میں کہا گیا تھا کہ جہاز میں 12 ہائی جیکرز اور بم موجود ہے، طیارے کا رخ فوراً آزاد کشمیر کی طرف موڑا جائے ورنہ جہاز کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔


پائلٹ نے طیارے کا رخ فوری طور پر موڑ کر اسے قریب ترین شہر احمد آباد کے ہوائی اڈے پر اتار لیا۔ جہاز میں 122 مسافر اور عملے کے 7 اہلکار سوار تھے اور لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کی تلاشی لی گئی۔ پائلٹ نے لینڈنگ سے قبل ائرپورٹ حکام کو جہاز میں بم کی موجودگی کے خطرے سے خبردار کردیا تھا۔

بھارتی سول ایشن حکام نے بتایا کہ افواہ پھیلانے میں ملوث شخص کی شناخت ہوگئی ہے جس کا نام نو فلائی لسٹ میں ڈال کر ہوائی سفر کرنے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔
Load Next Story