حکومت پنجاب نے کالعدم لشکر جھنگوی کو کھلی چھوٹ دےرکھی ہے رحمان ملک

دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ طالبان کی کمر ٹوٹ چکی ہے اس لئے آج وہ آگے بڑھ کر صلح کررہے ہیں، رحمان ملک

ملک اسحاق کے خلاف 34 مقدمات درج ہیں لیکن پنجاب حکومت نے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی، رحمان ملک ۔ فوٹو: فائل

وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پنجاب میں کالعدم لشکر جھنگوی کا ہیڈکوارٹر ہے، حکومت پنجاب بتائے کہ اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے کتنے افراد پکڑے اوران کے کتنے دفاتربند کئے گئے۔


کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے رہنما اسحاق ملک کے خلاف 34 ایف آئی آر درج ہیں ، اسحاق ملک کے چھوٹے بھائی نے بھکر میں وزیراعلی شہباز شریف کے مقابلے میں سیٹ چھوڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کالعدم لشگر جھنگوی کو ہر جگہ کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے اور آج عوام کے دباؤ کی وجہ سے اسحاق ملک کو گھر میں نظر بند کردیا جبکہ اس سے قبل اس کے خلاف 34مقدمات درج تھے تو اسے گرفتارکیوں نہیں کیاگیا۔

رحمان ملک نے کہا کہ کراچی سے لشکر جھنگوی کے 30 کارکن پکڑے گئے، لشکر جھنگوی نے ایک واقعہ کوئٹہ اور دوسرا کراچی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ طالبان کی کمر ٹوٹ چکی ہے اس لئے آج وہ آگے بڑھ کر صلح کررہے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story