جاپانی شہری دنیا کا معمرترین شخص قرار

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
ٹوکیو میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی تقریب میں سکاری مومئی کو دنیا کےمعمرترین شخص کے اعزاز کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی

ٹوکیو میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی تقریب میں سکاری مومئی کو دنیا کےمعمرترین شخص کے اعزاز کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی

ٹوکیو: اپنی زندگی کی سینچری مکمل کرنے کے بعد ڈبل سینچری کا عزم رکھنے والے جاپان کے سکاری مومئی کو دنیا کا معمر ترین شخص قرار دے دیا گیا ہے۔

رائٹ برادرز کی جانب  سے پہلے جہاز کی اڑان سے چند ماہ قبل 5 فروری 1903 کو پیدا ہونے والے سکاری نے زمانے کے نہ صرف کئی نشیب فراز دیکھیں ہیں بلکہ دو عالمی جنگوں کی تباہی کے مناظر بھی آنکھوں میں محفوظ کر رکھے ہیں۔ ٹوکیوکے کئیر ہوم میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی تقریب میں انہیں دنیا کےمعمرترین شخص کے اعزاز کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا گیا۔ اس موقع پرسکاری مومئی نے سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہوئے انتہائی نرم اور پرامید آواز میں کہا کہ وہ 100سال مزید زندہ رہنا چاہتے ہیں۔ مقامی میڈیا کےمطابق سکاری مومئی کی صحت اچھی ہے ہو نہ صرف کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں بلکہ سومو ریسلنگ بھی بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔

سکاری کو یہ اعزاز اس سے قبل دنیا کے معمر ترین شخص قرار دیئے جانے والے امریکا کے الگزینڈر امچ کے انتقال کے بعد دیا گیا جب کہ الیگذینڈر سکاری سے ایک دن بڑے تھے، سکاری سے قبل دنیا کی معمر ترین عورت کا اعزاز بھی جاپان ہی کے پاس ہے۔ مساؤ اوکاوا جو اس سال 116 برس کی ہوگئی ہیں دنیا کی معمر ترین خاتون قرار دی جاچکی ہیں۔

جاپان طویل عمر رکھنے والے لوگوں کا ملک ہے اس سے قبل 2013 میں جاپان ہی کے 116 سال کے جیرؤے مون کیمورا بھی دنیا کے معمر ترین شخص کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، 12 کروڑ سے زائد آبادی رکھنے والے اس ملک کے باشندوں کی اوسط عمر 65 سال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔