امریکا نےعراق میں فوجی بھیجے تو اسے تباہی و بربادی کا سامنا کرنا پڑے گا، داعش کا ویڈیو پیغام

ویب ڈیسک  بدھ 17 ستمبر 2014
داعش کے الحیات میڈیا سینٹر سے جاری کردہ ویڈیو 52 سیکنڈ پر مشتمل ہے جسے ’’جنگ کے شعلوں‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

داعش کے الحیات میڈیا سینٹر سے جاری کردہ ویڈیو 52 سیکنڈ پر مشتمل ہے جسے ’’جنگ کے شعلوں‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

بغداد: دولت اسلامی عراق و شام نے نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگرامریکا نےعراق میں فوجی بھیجے تو  اسے تباہی و بربادی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

داعش کے الحیات میڈیا سینٹر سے جاری کردہ ویڈیو 52 سیکنڈ پر مشتمل ہے جسے ’’جنگ کے شعلوں‘‘ کا نام دیا گیا ہے، ویڈیو کسی جنگی فلم کا منظر پیش کر رہی ہے، جس میں امریکی ٹینکوں کو تباہ، فوجیوں کو زخمی اور کچھ لوگوں کو قتل سے قبل جھکے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں بم دھماکوں کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ ویڈیو میں دو امریکی صحافیوں اور ایک برطانوی امدادی کارکن کو قتل کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو کے اختتام پریہ جملہ اسکرین پر دکھایا گیا ہے’’جلد آرہا ہے‘‘ یہ ویڈیو امریکی فوج کے چیرمین آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسے کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد جاری کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر داعش کے خلاف موجودہ حکمت عملی کامیاب نہ ہوئی تو پھر عراق میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا مشورہ دیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی فوج عراق میں فضائی حملوں کا آغاز کرچکی ہے اور تازہ حملوں میں  داعش کے 16 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔