برآمدات میں کمی چینی معاشی سست روی کانتیجہ ہے،خرم دستگیر

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 30 اگست 2015
حکومت خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کے لیے جدید مشینری بھی منگوائی جارہی ہے، خرم دستگیر۔  فوٹو : اے پی پی

حکومت خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کے لیے جدید مشینری بھی منگوائی جارہی ہے، خرم دستگیر۔ فوٹو : اے پی پی

لاہور: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں امن قائم ہونے کے بعد بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، حکومت خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمندہے جس سے نہ صرف یہ سیکٹر ترقی کرے گا بلکہ اس سے روزگارکے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔

پاکستان کی بنیادی ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی چین کی اقتصادی سست روی کا نتیجہ ہے ،ریڈی میڈ گارمنٹس سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوا ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز لاہور ایکسپو سنٹر میں 14 ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل تجارتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پروگرام کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب تھے لیکن وہ لندن روانہ ہوگئے اور شرکت نہ کرسکے۔ وزیر تجارت خرم دستگیرنے بتایا کہ نمائش میں 300غیر ملکی شریک وفود شریک ہوئے ہیں جبکہ اس نمائش میں جدید مشینری اور مصنوعات کے 700اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

بیرونی وفود نے بر ملا کہا ہے کہ پاکستان ان کو پر امن ملک نظرآیا ہے اور یہاں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس نمائش سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا روشن اور پر امن تاثر ابھرے گا۔

انہوں نے ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کے حوالے سے سوال پر کہاکہ ٹیکسٹائل کے خام مال کی برآمدات میں کمی ہوئی،اس کی بنیادی وجہ چین کی معیشت کی سست روی ہے تاہم وہاں بہتری سے یہاں بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کے لیے جدید مشینری بھی منگوائی جارہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔