کالی آندھی نے گوروں کا کرکٹ کا حکمران بننے کا خواب چکنا چور کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 3 اپريل 2016
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس برتھ ویٹ نے آخری اوور میں مسلسل 4 چھکے مارکر ٹیم کو دوسری بار چیمپئن بنایا۔۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس برتھ ویٹ نے آخری اوور میں مسلسل 4 چھکے مارکر ٹیم کو دوسری بار چیمپئن بنایا۔۔ فوٹو: اے ایف پی

کولکتہ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈیز انگلینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے کر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فیصلہ کن مرحلے میں انگلش ٹیم کے 155 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ ۔ ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی صرف 11 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے، کرس گیل اور جونسن چارلز نے اننگز کا آغاز کیا تو پارٹ ٹائم بولر جوئے روٹ نے پہلے جونسن چارلز کو ایک اور پھر کرس گیل کو 4 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سیمی فائنل کے مین آف دی میچ لینڈل سیمنز بیٹنگ کیلیے آئے لیکن ڈیوڈ ویلے نے انہیں صفر پر آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ ڈیون براؤ اور مارلن سیموئل نے چوتھی وکٹ کیلیے 75 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا، ڈیون براؤ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد سیمی فائنل میں بھارت کے بعد جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اندرے رسل بیٹنگ کیلیے آئے مگر اس بار انہیں صرف ایک رنز بنا کر ہی واپس جانا پڑا، کپتان ڈیرن سیمی بھی 2 رنز پر آؤٹ ہوکر ٹیم کو پھر سے مشکل میں ڈال گئے۔

ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے، مارلن سیموئل 85  اور کارلوس 10 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ انگلش کپتان نے بین اسٹوکس کو اوور دیا تو بولنگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کارلوس برتھ ویٹ نےمسلسل 4 چھکے مار کر انگلنیڈ کا میچ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔ مارلن سیموئل کو 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم شروع سے مشکلات کا شکار رہی اور ان کے 3 کھلاڑی 23 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے، سیموئل بدری نے دوسری گیند پر ہی انگلش اوپنر جیسن روئے کو صفر پر بولڈ کرکے شاندار آغاز کیا جب کہ اندرے رسل نے دوسرے اوور کی پانچویں گیند پر دوسرے اوپنر الیکس ہیلز کو بھی 1 رنز پر پویلین بھیج کر انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا جس کے بعد کپتان مورگن خود بیٹنگ کیلیے لیکن وہ بھی سیموئل بدری کی گھومتی ہوئی گیندوں کو زیادہ دیر نہ سمجھ پائے اور 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جوئے روٹ نے جوز بٹلر کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کیلیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کی بدولت انگلش ٹیم اچھا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہی، روٹ 54 اور بٹلر 36 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جس کے بعد بین اسٹوکس بھی 13 رنز پر ہی محدود رہے اور معین علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ویلےاور کرس جورڈن نےآٹھویں وکٹ کیلیے 25 رنز کی شراکت قائم کی، ویلے نے 14 گینوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ جورڈن 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس برتھ ویٹ،  ڈیون براؤ نے 3،3 سیموئل بدری، 2،2 جب کہ اندرے سل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے ویسٹ انڈیز 2012 کے ورلڈکپ میں سری لنکا کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ انگلینڈ 2010 کے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف فائنل جیت کر چیمپئن بنا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔