چینی کمپنی نے دنیا کا پہلا لچکدار فون متعارف کرادیا

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مئ 2016
فون ٹچ اسکرین کا حامل مکمل اسمارٹ فون ہے جسے موڑ کر گھڑی کی طرح کلا پر بھی پہنچا جاسکتا ہے۔
فوٹو میش ایبل

فون ٹچ اسکرین کا حامل مکمل اسمارٹ فون ہے جسے موڑ کر گھڑی کی طرح کلا پر بھی پہنچا جاسکتا ہے۔ فوٹو میش ایبل

چین: دنیا کے پہلے لچکدار اسمارٹ فون بنانے کی دوڑ ایک غیر معروف چینی کمپنی نے جیت لی ہے جس نے ایسا لچک دار فون متعارف کرایا ہے جسے موڑ کر کلائی پر بھی لپیٹا جا سکتا ہے۔

اسمارٹ فون ٹیکنالوجی میں اگلی اہم چیز مڑ جانے والے لچکدار اسمارٹ فون تیار کرنا ہے۔ اس حوالے سے معروف کورین کمپنی سام سنگ بھی کام کر رہی ہے لیکن سام سنگ کے فون سے پہلے ہی ایک غیر معروف چینی کمپنی نے دنیا کا پہلا لچکدار فون پیش کر دیا ہے۔ یہ فون ٹچ اسکرین کا حامل مکمل اسمارٹ فون ہے لیکن اس کے اندر اتنی لچک موجود ہے کہ اسے موڑ کر گھول گھمایا جا سکتا ہے۔

یہ فون اتنا گھوم سکتا ہے کہ اسے کلائی پر گھڑی کی طرح باندھا جا سکتا ہے۔ یہ چینی کمپنی اس سے قبل بھی کئی اسمارٹ فون بنا چکی ہے اس لیے فون کے معیار پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ اس فون کی بناوٹ ایسی ہے کہ اس میں قدرے کم سائز کی لیکن طاقتور بیٹری شامل کی گئی ہے۔ چونکہ یہ اس حوالے سے پہلا فون ہے اس لیے اس کی قیمت کافی زیادہ ہے۔ ابھی یہ فون صرف 2 رنگوں بلیک اینڈ وائٹ میں 760 امریکی ڈالر کے عوض اس سال کے اختتام پر چین میں دستیاب ہو گا جب کہ مکمل رنگدار فون 2018 میں پیش کیا جائے گا۔

صرف سام سنگ ہی نہیں بلکہ ایل جی اور ایپل بھی ایسا فون تیار کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ یہ کمپنیاں خمدار فون بنانے میں تو کامیابی حاصل کر چکی ہیں لیکن کسی نے چینی کمپنی کے فون جیسا لچکدار فون ابھی تک پیش نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔