مکی آرتھر قومی کھلاڑیوں کی روزے کے دوران سخت ٹریننگ میں حصہ لینے پرحیران

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
پوری ٹیم سخت محنت کررہی ہے اور انگلینڈ کوشکست سے دوچار کرنے کو تیار ہے، مکی آرتھر۔ فوٹو:فائل

پوری ٹیم سخت محنت کررہی ہے اور انگلینڈ کوشکست سے دوچار کرنے کو تیار ہے، مکی آرتھر۔ فوٹو:فائل

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے روزے کی حالت میں کئی کئی گھنٹے کی سخت ٹریننگ میں حصہ لینا قابل تعریف ہے۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ اپنی عبادت کو اپنی تربیت پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے اس لئے انہیں اجازت دی جائے کہ کھیل کے ساتھ اپنی عبادات کو بھی جاری رکھ سکیں۔ رمضان المبارک میں روزے رکھ کر کھلاڑیوں کا سخت ٹریننگ میں حصہ لینا ان کے لئے بہت حیران کن تھا اور وہ اس سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ 2010 کی تلخ یادوں کو بھلانے اور اس کے ازالے کےلئے پوری ٹیم سخت محنت کررہی ہے اور انگلینڈ کوشکست سے دوچار کرنے کو تیار ہے ۔ مصباح الحق کی قیادت میں پوری ٹیم متحد ہے اور ٹیم میں بے مثال اور اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک کھلاڑی موجود ہیں جو اپنے منفرد کھیل اور انداز کی بدولت کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز دلچسپ اور بہترین ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔