شین وارن نے سعید انور کو بہترین پاکستانی بلے با زقرار دیدیا

ویب ڈیسک  منگل 26 جولائی 2016
سعید انور کا شمار دنیائے کرکٹ  کے بہترین اوپننگ بلے بلے بازوں میں ہوتا ہے ،فوٹو:فائل

سعید انور کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین اوپننگ بلے بلے بازوں میں ہوتا ہے ،فوٹو:فائل

اولڈ ٹریفورڈ: آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن نے اپنے دور کا بہترین پاکستانی بلے باز سعید انور کو قرار دیا ہے۔

پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے اورآخری روزکمنٹری بکس میں تبصرہ کرتے ہوئے سابق لیجنڈ لیگ اسپنر سے جب ان کے دور کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والی 9 ٹیموں کے سب سے بہترین بلے بازوں کے بارے میں پوچھا گیا جن کا سامنا ٹیسٹ میچ میں شین وارن سے ہوا تھا تو جواب میں شین وارن نے پاکستانی بلے بازوں میں سابق اوپننگ بیٹسمین سعید انورکا انتخاب کیا۔۔ شین وارن اور سعید انور 6 ٹیسٹ میچوں میں آمنے سامنے آئے جس میں سعید انور نے 56 اعشاریہ 33 کی اوسط سے رنز بنائے جب کہ ان میں 5 نصف سینچریاں اورایک شاندار سینچری بھی شامل ہے۔

سعید انور کا شمار پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے کرکٹ کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں ہوتا ہے اورانہوں نے اپنے کیریئر میں بے شمارریکارڈز بنائے اور متعدد یادگاراننگز کھیلیں جس میں بھارت کے خلاف ون ڈے میں ان کی 194 رنز کی اننگز خاص طور پر قابل ذکر ہے جسے 13 سال تک سب س بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز حاصل رہا۔ اس کے علاوہ انہیں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 20 ون ڈے سینچریاں بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

دوسری جانب شین وارن نے اپنے 15 سالہ ٹیسٹ کیریئرمیں جن بلے بازوں کو گیند کرائی ان میں انہوں نےبھارتی بیٹسمین سچن ٹندولکراورویسٹ انڈیز سے برائن لارا کو سب سے بہترین بلے باز قراردیا جب کہ انگلینڈ سے انہوں نے گراہم گوچ، نیوزی لینڈ سے مارٹن کرو، ساؤتھ افریقا سے ہنسی کرونئے اور جیک کیلس، سری لنکا سے اروندا ڈی سلوا، بنگلا دیش سے اشرفل اور زمبابوے کے سابق کپتان ڈیوڈ ہاؤٹن کے نام کا انتخاب کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے 15 سالہ کیریئر میں 145 ٹیسٹ مچوں میں 708 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ون ڈے میں ان کی وکٹوں کی تعداد 293 ہے جو کہ انہوں نے 194 میچوں میں حاصل کیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔