رونالڈو نے’’موٹے‘‘ کا لیبل اتار پھینکا،37 پاؤنڈ وزن کم ہوگیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 فروری 2013
انھوں نے زیڈان کے ساتھ چیریٹی میچ میں شرکت کیلیے وزن میں کمی کا مقصد بنایا تھا۔ فوٹو : اے ایف پی

انھوں نے زیڈان کے ساتھ چیریٹی میچ میں شرکت کیلیے وزن میں کمی کا مقصد بنایا تھا۔ فوٹو : اے ایف پی

ریوڈی جنیرو:  برازیل کے سابق فٹبال اسٹار رونالڈو نے خود پر لگا ’’موٹے‘‘ کا لیبل اتار پھینکا، ریالٹی شو کے بعد بھی انھوں نے ٹریننگ و خوارک کا خیال رکھ کے وزن کم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، وہ اب تک 37پاؤنڈ گھٹا چکے ہیں.

انھوں نے زیڈان کے ساتھ چیریٹی میچ میں شرکت کیلیے وزن میں کمی کا مقصد بنایا تھا، اس سلسلے میں ریالٹی شو میں شرکت سے انھیں خاصا فائدہ ہوا، میچ کے بعدکچھ لوگوں کا خیال تھا کہ رونالڈو کا جسم دوبارہ سے بھدا ہو جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا، گذشتہ روز انھوں نے ٹوئٹر پر بغیر شرٹ والی ایک تصویر اپ لوڈ کی جس میں وہ خاصے فٹ نظر آئے۔

یاد رہے کہ 90 کی دہائی کے آخر میں دنیائے فٹبال میں رونالڈو کے نام کا ڈنکا بجا ہوا تھا، انھوں نے بارسلونا، ریئل میڈرڈ اور میلان کے دونوں کلبز کیلیے تقریباً 600 میچز میں 400 سے زائد گول کا ریکارڈ بنایا، اس دوران تین بار انھیں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی ملا، ورلڈکپ میں انھیں سب سے زیادہ 15 گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔