وحید مراد کے بیٹے نے ’کوکو کورینا‘ کی بربادی پرمداحوں سے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
کوک اسٹوڈیو کو بیوقوف چلا رہے ہیں ، عادل مراد فوٹو:فائل

کوک اسٹوڈیو کو بیوقوف چلا رہے ہیں ، عادل مراد فوٹو:فائل

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ اداکار وحید مراد کے بیٹے عادل مراد نے کلاسیکل گانے ’’کوکوکورینا‘‘ کو برباد کرنے پر مداحوں سے معافی مانگ لی۔

کوک اسٹوڈیو، مومنہ مستحسن اوراحد رضامیر کی جانب سے پاکستان کے کلاسیکل گانے ’’کوکوکورینا‘‘ کو برباد کرنے اور وحید مراد کے مداحوں کے جذباتوں کو ٹھیس پہنچانے پر لیجنڈری اداکار وحید مراد کے بیٹے عادل مراد نے معافی مانگ لی۔

عادل مراد نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے کوک اسٹوڈیو انتظامیہ کو بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا ’’میں وحید مراد کے مداحوں سے معافی مانگتا ہوں کہ کوک اسٹوڈیو کو کلاسک گانے ’’کوکوکورینا‘‘ کو ری میک یا پھر برباد کرنے کی اجازت دی، میں نے کوک اسٹوڈیو پر اعتماد کیا تھا لیکن اب مجھے لگ رہا ہے کہ کوک اسٹوڈیو کو بیوقوف چلارہے ہیں۔‘‘

صرف عادل مراد ہی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے بھی 60 کی دہائی کے سپر ہٹ گانے ’’کوکو کورینا‘‘ کو برباد کرنے پر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ کوک اسٹوڈیو کو کلاسک گانے کا قتل عام کرنے کی اجازت کس نے دی؟ جس پر مومنہ مستحسن نےاپنی غلطی ماننے کے بجائےکہا ہے کہ معاملے کو مزید ہوا نہ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔