آبدوز ڈیل پر امریکا آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا، فرانس

ویب ڈیسک  اتوار 19 ستمبر 2021
امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ڈیل کے بعد فرانس نے احتجاجا ً دونوں ممالک سے اپنے سفير بھی واپس بلا ليے ہیں

امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ڈیل کے بعد فرانس نے احتجاجا ً دونوں ممالک سے اپنے سفير بھی واپس بلا ليے ہیں

پیرس: فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری آبدوز ڈیل پر امریکا اور آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ جین لی ڈرائن نے ایک انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے جوہری آبدوزوں کی خریداری کے معاملے پر فرانس سے معاہدہ منسوخ کرکے امریکا سے ڈیل کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ اتحادیوں امریکا اور آسٹریلیا کو جھوٹا قرار دیدیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ میں پہلی بار فرانس نے امریکا سے اپنا سفیر واپس بلوالیا ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم خوش نہیں اور ہمارے درمیان اب ایک سنگین بحران ہے جب کہ ہم اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پوزیشن کا جائزہ لیں گے، یہ معاہدہ دوغلاپن، حقارت اور جھوٹ پر مبنی ہے اور اتحادیوں  کے درمیان اس طرح نہیں کھیلا جاتا۔

واضح رہے کہ ایک معاہدے کے تحت امریکا آسٹريليا کو جوہری ہتھياروں سے ليس آبدوزوں کی ٹیکنالوجی فراہم کرے گا تاہم اس معاہدے کے بعد آسٹریلیا اور فرانس کے درمیان آبدوزوں سے متعلق 37 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم ہوجائے گا، امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ڈیل کے بعد فرانس نے شدید احتجاج کرتے ہوئے امريکا اور آسٹريليا سے اپنے سفير بھی واپس بلا ليے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔