ڈومیسٹک کرکٹ میں چیئرمین پی سی بی بورڈ مجوزہ تبدیلیوں کے حامی

سلیم خالق  جمعـء 28 جولائی 2017
12پلیئرز ریجنز کے رکھنے اور 8کا انتخاب ڈرافٹ سے کرنے پرغور ہونے لگا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

12پلیئرز ریجنز کے رکھنے اور 8کا انتخاب ڈرافٹ سے کرنے پرغور ہونے لگا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

 کراچی: چیئرمین پی سی بی شہریارخان ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں کے حامی نظر آتے ہیں، ان کے مطابق کراچی کی جانب سے اعتراض سامنے آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں بھی ڈرافٹ سسٹم لانا چاہتا ہے، تجویز کے مطابق  ٹیموں میں ریجنز کے 8 کرکٹرز شامل ہونگے دیگر 12 کا انتخاب ڈرافٹنگ سے ہوگا جس کیلیے فہرست سلیکشن کمیٹی جاری کریگی، جاوید میانداد اور محسن خان جیسے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے اس سسٹم کو مسترد کر دیا ہے، کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی مخالفت سامنے آئی، صدر اعجاز فاروقی نے چیئرمین پی سی بی کو خط لکھ کر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔

لندن سے لاہور واپسی کے بعد نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے شہریارخان نے کہا کہ مجھے کے سی سی اے کا خط موصول ہوگیا، انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں کی  مخالفت کر دی ہے، جمعے کو گورننگ بورڈ میٹنگ میں اس معاملے پر بات ہوگی، ممکن ہے کوئی ترمیم بھی کر دی جائے۔ میری ذاتی رائے کے مطابق ڈرافٹ سسٹم کا ملکی کرکٹ کو فائدہ ہی ہوگا کیونکہ ریجنز میں سیاست اور اقربا پروری بہت زیادہ ہے، نئے نظام سے منصفانہ سلیکشن ہو سکے گی، اس حوالے سے تجاویز پر غور کے بعد ہی کوئی قدم اٹھائیں گے۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ بورڈ اب ریجنز کے کھلاڑیوں کی تعداد 12 کرنے پر غور کر رہا ہے، دیگر 8 کا انتخاب ڈرافٹ سے کیا جائیگا، جمعے کے اجلاس میں نئے سسٹم کی منظوری کا امکان بہت روشن ہے کیونکہ کراچی کے سوا دیگر ریجنز اعتراض کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، البتہ مستقبل میں جب نقصانات سامنے آئیں گے تو پی سی بی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔