یوٹیلیٹی اسٹورز برانچ لیس بینکاری منصوبے میں توسیع کا فیصلہ

حسیب حنیف  پير 21 اگست 2017
50 اسٹورز پر آزمائشی طور پر شروع، کامیابی کے بعد 2 ہزار اسٹورز تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوٹو : فائل

50 اسٹورز پر آزمائشی طور پر شروع، کامیابی کے بعد 2 ہزار اسٹورز تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے ادارے کا ریونیو بڑھانے کے لیے آزمائشی طور پر شروع کیے گئے برانچ لیس بینکنگ آپریشن کے منصوبے کو  2 ہزار سے زائد اسٹوروں تک پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت ادارے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان (یو ایس سی) نے ادارے کا ریونیو بڑھانے کے لیے مختلف جدید طریقوں کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، ان جدید طریقوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملک بھر کے اسٹوروں کو برانچ لیس بینکنگ کے طور پر آپریشن کرنے کا عمل بھی شامل ہے۔

اس برانچ لیس بینکنگ کے عمل کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے اسٹوروں کے ذریعے منی ٹرانسفر آفر کی جائیگی جس کے ذریعے صارفین رقم کی باآسان منتقلی کر سکیں گے اور اسٹوروں کے ذریعے بلوں کی ادائیگی بھی ہو سکے گی۔

ذرائع کے مطابق 50یوٹیلیٹی اسٹوروں پر بلوں کی ادائیگی اور منی ٹرانسفر کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کے حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو مثبت رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے اور یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن انتظامیہ نے بلوں کی ادائیگی کا عمل دوسرے مرحلے میں 2ہزار سے زائد اسٹوروں تک پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن آف پاکستان (یو ایس سی) کو پائلٹ پروجیکٹ کے دوران اس منصوبے سے مثبت رد عمل ملا ہے جس کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز اپنا ریونیو بڑھا سکتا ہے، اس لیے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے اس منصوبے کو پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے جی ایم پی آر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس سے رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔