چنئی ٹیسٹ : ہینرکس نے آسٹریلوی شکست 1دن کیلیے ٹال دی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 26 فروری 2013
چنئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی بیٹسمین مورس ہینرکس کٹ شاٹ کھیل رہے ہیں ۔  فوٹو : بی سی سی آئی

چنئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی بیٹسمین مورس ہینرکس کٹ شاٹ کھیل رہے ہیں ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

چنئی: چنئی ٹیسٹ میں موسس ہینرکس نے آسٹریلوی شکست ایک دن کیلیے ٹال دی، 75 رنز جڑ کر ٹیم کو اننگز کی ناکامی سے بچالیا۔

کینگروز بھارتی اسپن جال میں بری طرح الجھ کر رہ گئے، چوتھے دن کے اختتام تک 232 رنز پر 9 وکٹیں گنوادیں، 40 رنز کی معمولی برتری حاصل ہے، ایشون نے 5 جبکہ ہربھجن اور رویندرا جڈیجا نے دو،دو وکٹیں لیں، اس سے قبل بھارتی ٹیم 572 پر آئوٹ ہوئی، مہندرا دھونی نے 224 رنز بنائے، جیمز پیٹنسن نے 5 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں شکست کے دہانے پر پہنچ چکا تاہم موسس ہینرکس نے عمدہ بیٹنگ سے اسے اننگز کی ناکامی کا شکار ہونے سے بچالیا،کینگروز نے 192 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔

مگر جلد ہی بھارتی اسپنرز نے ٹاپ آرڈر کا صفایا کردیا، واٹسن نے17 رنز بناکر ایشون کی گیند پر سہواگ کو کیچ دیدیا، دوسرے اوپنر ایڈ کوان کو ایشون نے 32 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کیا، فل ہیوز کو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی پسند نہیں آئی اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی جڈیجا کی گیند سہواگ کے ہاتھوں میں سونپ کر چلتے بنے، ون ڈائون پر کھیلنے والے وارنر (23) ہربھجن کا شکار ثابت ہوئے، ہربھجن کی دوسری وکٹ بننے سے قبل میتھیوویڈ صرف 8 رنز بنا پائے، کپتان مائیکل کلارک31 رنز اسکور کرنے کے بعد ہمت ہار گئے، ایشون کی گیند کے آگے ٹانگ کرنے کا نتیجہ پویلین واپسی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

سڈل (2) کو جڈیجا نے بولڈ کیا، پیٹنسن(11) اور اسٹارک (8) دونوں کو ایشون نے واپسی کے پروانے تھمائے، جب چوتھے دن کا اختتام ہوا تو موسس ہینرکس 75 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے ہوئے جبکہ دوسرے اینڈ سے ناتھن لیون (8) ان کا ساتھ دے رہے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے 515 رنز 8 وکٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، دھونی اور بھونیشور کے درمیان نویں وکٹ کی عمدہ شراکت 140 رنز پر ٹوٹی جب دھونی پیٹنسن کی گیند کو ہک کرنے کی کوشش میں کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، انھوں نے 265 گیندوں پر 6 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 224 رنز بنائے، سڈل کی گیند پر بھونیشور(38)کا کیچ کلارک نے قابو کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔