پشاور کی 9 وکٹیں گرانے میں کسی نہ کسی طور ’’آصف‘‘ کا کردار

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 22 نومبر 2017
کامران غلام بھی عمید آصف اور بلال آصف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔ فوٹو: فائل

کامران غلام بھی عمید آصف اور بلال آصف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور وائٹس کی جانب سے پشاور کی 9 وکٹیں گرانے میں کسی نہ کسی طور ’’آصف‘‘ کا کردار رہا۔

پشاور کے اوپنر رفعت اللہ مہمند نے بلال آصف کی گیند آصف علی کے ہاتھوں میں دے کر پویلین کی راہ لی۔ احسان عادل کی بال پر اسرار اللہ کا کیچ عمید آصف نے لیا، بسم اللہ خان کو آصف علی نے ایل بی ڈبلیو کیا، کامران غلام بھی عمید آصف اور بلال آصف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، نوید یاسین کی بیلز عمید آصف نے فضا میں بکھیریں، مصدق احمد کی وکٹ حاصل کرنے میں عمید آصف نے وہاب ریاض کی مدد کی جب کہ احسان عادل کی گیند پر سہیل خان نے اسٹروک کھیلا تو بلال آصف نے کیچ لیا۔

اس کے علاوہ کاشف بھٹی کی وکٹ حاصل کرنے میں وکٹ کیپر کامران اکمل نے عمید آصف کو مدد فراہم کی، وقاص مسعود نے احسان عادل کی گیند پر عمید آصف کو کیچنگ پریکٹس کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔