حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی کیلیے خصوصی مالی پیکیج کا اعلان کرے، ثنا

قیصر افتخار  جمعرات 22 فروری 2018
 ٹی وی پروڈیوسر اورفنانسرز اب فلمیں پروڈیوس کررہے ہیں ، جس سے ویرانیوں میں کمی آئی، اداکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فیس بک پیج

 ٹی وی پروڈیوسر اورفنانسرز اب فلمیں پروڈیوس کررہے ہیں ، جس سے ویرانیوں میں کمی آئی، اداکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فیس بک پیج

 لاہور:  اداکارہ وماڈل ثنا نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کی بحالی اورترقی کیلیے حکومت کوبہترین اقدامات کرنے چاہئیں اور فلمی صنعت کیلیے خصوصی پیکج ہونے چاہئیں۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے ثنا نے کہا کہ جب میں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تواس وقت پاکستانی فلموںکا کاروبارعروج پرتھا لیکن جدید ٹیکنالوجی اور حکومت کی طرف سے کسی بھی طرح کی سپورٹ نہیں تھی لیکن آج ہماری فلم انڈسٹری ایک مرتبہ اپنے پیروں پرکھڑی ہونے جارہی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ پروڈیوسر اورفنانسرز اب فلمیں پروڈیوس کررہے ہیں ، جس سے ویرانیوں میں کمی آئی ہے مگریہ بحالی اوربہتری اس وقت مکمل طورپراثرانداز نہیں ہوگی جب تک حکومتی سطح پرفلمی صنعت کیلیے خصوصی پیکج  نہ ملے۔

ثنا نے کہا کہ دنیا بھر میں فلم انڈسٹری کوحکومت کا مکمل تعاون حاصل رہتا ہے۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی بات کریں تووہاں فلم میکنگ کیلیے بہت سی مراعات دی جاتی ہیں، جبکہ ہمارے ہاں تواعلیٰ سول ایوارڈ یافتہ فنکاروں کیلیے بھی کسی قسم کی مراعات نہیں رکھی جاتیں۔

اداکارہ نے کہا کہ کوئی یہ بات نہیں سوچتا کہ ایک فنکارکن مسائل سے دوچارہے، وہ لوگوں کے اداس چہروں پرمسکراہٹ لانے کیلیے ان تھک محنت کرتا ہے، مگراس کے مسائل کوحل کرنے کیلیے کسی کے پاس وقت نہیں ہوتا۔

ثنا نے مزید کہا کہ ایک فنکار جب کام کیلیے گھر سے نکلتا ہے تواس کوراستے میں کس طرح کی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، اس کولفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی صلاحیتوں کے بل پراپنے غم وغصے کوچھپا کراپنے کردارسے ایسا انصاف کرتا ہے، ہرکوئی اس پرمسکرانے لگتاہے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ حکومت دوسری صنعتوں کی طرح فلم انڈسٹری پربھی خصوصی توجہ دے ، تاکہ اس سے وابستہ لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔