پی ایس ایل تھری فائنل کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 مارچ 2018
جنرل سے فرسٹ کلاس انکلوژرز بننے والے مقامات میں آج نشستیں لگ جائیں گی۔ فوٹو: فائل

جنرل سے فرسٹ کلاس انکلوژرز بننے والے مقامات میں آج نشستیں لگ جائیں گی۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو شیڈول پی ایس ایل تھری فائنل کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

9برس بعد شہر قائد میں کرکٹ کا مقابلہ ایک جشن کی صورت اختیار کر چکاہے۔ کرکٹ کے شیدائی بے چینی سے میچ کے منتظر ہیں، سب کی خواہش ہے کہ وہ اس شاندار موقع سے لطف اندوز ہو، مفت پاس مانگنے والوں کو جہاں شدید مایوسی کا سامنا رہا توٹکٹ پانے والے خود کو خوش قسمت تصور کر رہے ہیں، دیگر لوگوں کو گھر پر ہی ٹی وی پر فائنل دیکھنا ہوگا۔

دوسری جانب کراچی کے تاریخی نیشنل اسٹیڈیم پر فائنل کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تعمیراتی ادارے کی جانب سے فیز ون مکمل ہونے کے بعد پی سی بی کی جانب سے تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت کا تعمیراتی منصوبہ تاخیر کا شکار رہا، جنرل انکلوژر سمیت دیگر اسٹینڈز میں رات گئے تک کام جاری رہا، بعض جنرل انکلوژرز کو فرسٹ کلاس انکلوژرز میں تبدیل کرنے کیلیے نشستوں کی تنصیب کا عمل ہفتے کو مکمل ہوجائیگا۔

مزید براں مخدوش قرار پانے والی مرکزی عمارت کے دونوں اطراف کے فرسٹ کلاس انکلوژرز کو ختم کرکے وہاں پر وی آئی پی شخصیات کے بیٹھنے کا اہتمام کردیا گیا ہے، نئے ڈیجیٹل اسکور بورڈ کی تنصیب کے بعد پرانے کے اسٹینڈ پر میچ لائیو ٹیلی کاسٹ کیلیے کیمرے نصب کیے جارہے ہیں۔

اسٹینڈ کے نیچے چھت انتہائی مخدوش اور خستہ حالت ہونے کے سبب کسی بھی حادثے کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے، اس کیساتھ ہاسپٹلیٹی باکسز بھی تیاری کے مراحل سے گزر گئے، یہ مراعات یافتہ طبقے اور اعلیٰ حکام کے ساتھ بورڈ کے خاص مہمانوں کے زیر استعمال آئیں گے۔

علاوہ ازیں جدید طرز کے ڈریسنگ روم کھلاڑیوں کو بہترین سہولت فراہم کریں گے، بجلی جانے کی صورت میں پی سی بی کی طرف سے متبادل روشنی کے لیے قوی قوت والے جنریٹرز تیار حالت میں ہیں، فائنل دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم پہنچنے والے تماشائیوں کیلیے کھانے پینے کیلیے اسٹالز بھی لگائے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔