نواز الدین صدیقی کی فلم ’منٹو‘ کا ٹیزر جاری

ویب ڈیسک  اتوار 13 مئ 2018
فلم ’منٹو‘ کے جاری کردہ ٹیزر میں آزادی کے بعد غربت اور کرپشن سے گھرے ملک کی کہانی بیان کی گئی ہے (فوٹو: فائل)

فلم ’منٹو‘ کے جاری کردہ ٹیزر میں آزادی کے بعد غربت اور کرپشن سے گھرے ملک کی کہانی بیان کی گئی ہے (فوٹو: فائل)

 ممبئی: اُردو کے مقبول افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر مبنی فلم ’منٹو‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اُردو کے ممتاز ڈرامہ اور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا جس میں منٹو کا کردار معروف بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی سرانجام دے رہے ہیں۔

نواز الدین صدیقی نے اپنے ٹوئٹر پر فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کانز فیسٹیول کے پہلے روز طویل عرصے سے منتظر فلم ’منٹو‘ کا ٹیزر اب جاری کردیا گیا ہے۔

نندیتا داس کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم  کے ٹیزر میں آزادی کے بعد غربت اور کرپشن سے گھرے ملک کی کہانی بیان کی گئی ہے جس میں نواز الدین صدیقی نے ایک ایسے باغی طبیعت کے مصنف کا کردار ادا کیا ہے جو کسی کے سامنے سچ کہنے سے نہیں ڈرتا اور معاشرے کے مسائل کو کہانی کی شکل میں ڈھالتا ہے جس کی وجہ سے اسے عدالت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔