نجی لیگز کا قصور، پاکستان شارجہ سے منہ موڑنے پر مجبور

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 29 اگست 2018
کینگروزسے سیریزکاآغاز7اکتوبرکودبئی ٹیسٹ سے ہوگا،دوسرا مقابلہ 16تاریخ سے ابوظبی میں شیڈول۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کینگروزسے سیریزکاآغاز7اکتوبرکودبئی ٹیسٹ سے ہوگا،دوسرا مقابلہ 16تاریخ سے ابوظبی میں شیڈول۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور: نجی لیگز کے سبب پاکستان شارجہ سے منہ موڑنے پر مجبور ہو گیا۔

یو اے ای میں پاکستان کی آسٹریلیا سے سیریز2ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہو گی،نیوزی لینڈ کے ساتھ 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق کینگروز ستمبر کے آخری ہفتے میں یواے ای میں ڈیرے ڈالیں گے۔

پاکستان اے کیخلاف فرسٹ کلاس اسٹیٹس کا حامل چار روزہ ٹور میچ 29ستمبر سے 2اکتوبر تک آئی سی سی اکیڈمی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا، پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبرکو دبئی میں شروع ہوگا، طویل فارمیٹ کے دوسرے میچ کا آغاز 16 تاریخ کو ابوظبی میں ہونا ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 24 اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلا جائیگا،26 اور 28 اکتوبر کو شیڈول اگلے دونوں میچز کا میزبان دبئی ہوگا۔

پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز31 اکتوبر کو ابوظبی میں ہونا ہے،دونوں ٹیمیں دبئی کا رخ کرنے کے بعد وہاں2 اور4 نومبر کو مقابل ہونگی۔ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس اور کیویز 7اور 9 نومبر کو ابوظبی میں آمنے سامنے ہوں گے، 11 نومبر کو دبئی تیسرے اور آخری مقابلے کا میزبان ہوگا، پہلا ٹیسٹ 16 نومبر سے ابوظبی، دوسرا24 تاریخ سے دبئی اور تیسرا3دسمبر سے ابوظبی میں شروع ہونا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے شیڈول میں تاخیر پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میڈیا میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے،بالآخر گذشتہ روز اس کا اعلان کر دیاگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاخیر کا جواز بورڈ سربراہ کی تبدیلی اور ملک میں ہونیوالے عام انتخابات کو قرار دیا گیا ہے،البتہ ذرائع کے مطابق یواے ای میں پاکستان کی مصروفیات کے دوران ہونے والی افغان پریمیئر ٹی ٹوئنٹی لیگ اور ٹی 10لیگ کی موجودگی میں مناسب شیڈول ترتیب دینے میں مشکلات پیش آئیں۔

افغانستان کی اولین لیگ 5سے 23اکتوبر تک شارجہ میں ہوگی، اس دوران پاکستان کے آسٹریلیا سے ٹیسٹ میچز دبئی اور ابوظبی میں ہونگے،افغان لیگ ختم ہونے کے اگلے روزبعد گرین شرٹس اور کینگروز کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہوجائیگی،ٹی 10لیگ 23نومبر سے 2دسمبر تک شارجہ میں ہوگی، اس دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ کا دوسرا ٹیسٹ دبئی میں مکمل ہوجائے گا۔

شائقین اور ٹی وی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کیلیے ہی آسٹریلیا سے ٹیسٹ میچز ٹور کے آغاز اور نیوزی لینڈ سے آخر میں رکھے گئے ہیں،لیگز کی رونقوں کیلیے مختص شارجہ میں اس بار پاکستان کا ایک میچ بھی شیڈول نہیں کیا گیا،گذشتہ سیریز کے برعکس میزبان ٹیم کینگروز یا کیویز کیخلاف کوئی نائٹ ٹیسٹ بھی نہیں کھیلے گی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی درخواست پہلے ہی مسترد کرچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔