چیف سلیکٹر انضمام الحق کے حوالے سے عبدالقادر اپنے بیان پر ڈٹ گئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 ستمبر 2018
باسط نے بیٹے کی عدم سلیکشن پر چیف سلیکٹر کے فون کا بتایا تھا،سابق اسپنرکا اصرار۔ فوٹو: فائل

باسط نے بیٹے کی عدم سلیکشن پر چیف سلیکٹر کے فون کا بتایا تھا،سابق اسپنرکا اصرار۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  عبدالقادر چیف سلیکٹر انضمام الحق کے حوالے اپنے بیان پر ڈٹ گئے۔

بیٹے کو شامل نہ کرنے پر باسط علی کو انضمام الحق کی فون کال کا انکشاف کرنے والے عبدالقادر اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بڑے افسوس کے ساتھ یہ بات کرنا پڑی،اس طرح کا تنازع نہیں ہونا چاہیے، کسی کی عزت خراب کرنا اور جھوٹ سچ کی تسبیح پڑھنا درست نہیں، تین دوستوں کے درمیان بات ایک دوستانہ ماحول میں ہی ہوئی تھی، کسی انٹرویو یا پریس ریلیز کے ذریعے نہیں آئی،یہ بات میڈیا میں نہیں آنا چاہیے تھی، اگرسامنے آگئی تو اس کا حل کیوں نہیں ہے؟ایک سینئر تو دوسرا جونیئر سلیکٹر ہے۔

عبدالقادر نے اصرار کیا کہ باسط علی نے بالکل مجھے بتایا کہ انضمام الحق نے انھیں فون کیا اور پوچھا تھا کہ میرے بیٹے کو کیوں منتخب نہیں کیا، باسط علی نے انضمام سے کہا کہ آپ کے بیٹے نے تمام میچز میں27 رنز ہی بنائے، یہ بات تو جونیئر چیف سلیکٹر نے کہی تھی،اگر اب وہ محسوس کرتے ہیں کہ انھوں نے غلطی کی تو معافی مانگ لیں،اگر وہ اپنے موقف کو درست سمجھتے ہیں تو انضمام الحق کیخلاف اپنی بات پر قائم رہیں۔

یاد رہے کہ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد باسط علی نے اپنے بیان میں صاف انکار کردیا تھا کہ ان کو چیف سلیکٹر کا فون آیا یا انھوں نے کسی اور سے کروایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔