چاند پر جانے والے پہلے نجی مسافر کے نام کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 19 ستمبر 2018
چاند پر جانے والے پہلے نجی مسافر یوساکا مائیزاوا جاپان کے ارب پتی معروف کاروباری شخصیت ہیں۔ فوٹو : اے پی

چاند پر جانے والے پہلے نجی مسافر یوساکا مائیزاوا جاپان کے ارب پتی معروف کاروباری شخصیت ہیں۔ فوٹو : اے پی

کیلیفورنیا: چاند کی سیر کو جانے والے پہلے خوش قسمت مسافر کے نام کا اعلان کردیا گیا ہے جن کا تعلق جاپان سے ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک کی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے چاند پر جانے والے پہلے مسافر کے نام کا اعلان کردیا ہے۔ 42 سالہ جاپانی ارب پتی، معروف کاروباری شخصیت اور فیشن ٹائیکون یوساکا مائیزاوا سپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے چاند تک سفر کرنے والے پہلے نجی مسافر ہوں گے۔

جاپانی تاجر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں چاند پر جانے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے چاند تک جانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ وہ ایلون مسک کی جانب سے متعارف کرائی گئی بی ایف آر یعنی (Big Falcon Rocket) کے ذریعے چاند پر جائیں گے۔

اب تک چاند پر صرف 24 انسانوں نے تین اپالو مشنز کے ذریعے قدم رکھا ہے اور وہ سب امریکی تھے۔ تاہم ناسا کے اپولو 17 مشن کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ کوئی انسان چاند تک جائے گا اور وہ بھی غیر امریکی ہوگا۔

ایلون مسک نے اس سفر کو ’مون لوپ‘ کا نام دیا ہے، گو ایلون مسک کی جانب سے پہلے مسافر کے نام اعلان کردیا گیا ہے تاہم ابھی چاند کی جانب سفر کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ چاند تک جانے والے راکٹ کا تاحال مکمل نہ ہو پانا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس  ایلون مسک نے دو مسافروں کو چاند کے مدار کا چکر لگوانے کا اعلان کیا تھا جس کے لیے وہ مسافروں سے بھاری کرایہ وصول کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔