آفریدی کی ٹیم دبئی لائنز نے شارجہ سکسز کپ جیت لیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 2 جون 2013
اختتامی روزعمراکمل، عبدالرزاق اوررانانویدالحسن نے شائقین کی دادوتحسین سمیٹی۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

اختتامی روزعمراکمل، عبدالرزاق اوررانانویدالحسن نے شائقین کی دادوتحسین سمیٹی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

شارجہ: پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی ٹیم دبئی لائنز نے شارجہ سکسز کپ جیت لیا، ایونٹ کے اختتامی دن پاکستانی اسٹارز عمراکمل، عبدالرزاق  اور رانا نوید الحسن نے عمدہ کھیل پر شائقین سے داد وتحسین سمیٹی، فائنل میں وی آئی بی ایچ ایس کو 3 وکٹ سے شکست ہوئی۔

ناکام سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے5 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 64 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، محمد سلمان 15، سہیل خان 12، کے منصور11 اور خالد لطیف10 رنز بناکر نمایاں رہے،دبئی لائنز نے ہدف 4.3 اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا، احمد شہزاد36 رنز بنانے میں کامیاب رہے، حماد اعظم 13 اور شاہد آفریدی 9 رنز بنا سکے، وننگ ٹیم کو ٹرافی سابق بھارتی اسپنر بشن سنگھ بیدی اور سابق پاکستانی کپتان مشتاق محمد نے پیش کی، شارجہ کرکٹ کونسل کے زیراہتمام منعقدہ ایونٹ میں مجموعی طور پر569 چھکے لگائے گئے۔

لائنز کو40 ہزار درہم کی انعامی رقم ملی جبکہ رنراپ کے حصے میں 25 ہزار درہم آئے، رانا نوید کی ٹیم پیچ کلب لاہور نے تیسری پوزیشن کے ساتھ 15 ہزار درہم اپنے نام کیے، الوبند ٹائیگرز کو 3 وکٹ سے شکست کا سامنا رہا،پلیٹ فائنل میں جی ایم رائلز نے کیرالہ سکسزکو 3 وکٹ سے ہرایا، فاتح ٹیم میں پاکستانی اسٹارز عمر اکمل اور عبدالرزاق شامل رہے، دونوں نے بالترتیب 33 اور21 رنز کی اننگز کھیلیں، الوبند ٹائیگرز اور یواے ای کے پلیئر نصیر عزیز کو ایونٹ کا بہترین بولر قرار دیا گیا، احمد شہزاد بیسٹ بیٹسمین جبکہ خالد لطیف پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔