فارم میں واپسی، آفریدی نے عبدالقادر کی ’شاگردی‘ اختیار کرلی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 7 جون 2013
مشورے کام آئیں گے، گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے بھی بولنگ متاثر ہوئی، آل راؤنڈر   فوٹو: اے پی/فائل

مشورے کام آئیں گے، گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے بھی بولنگ متاثر ہوئی، آل راؤنڈر فوٹو: اے پی/فائل

کراچی: آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے فارم میں واپسی کیلیے عبدالقادر کی ’شاگردی‘ اختیار کرلی۔

وہ سابق اسپن اسٹارکے مشوروں سے اپنی بولنگ میں بہتری لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں آفریدی نے کہا کہ اگرچہ میں اور عبدالقادربالکل مختلف انداز کے بولرز ہے مگر ان کے مشورے کافی قیمتی ہیں، میں ان کے ساتھ اپنی بولنگ میں پہلے جیسا مہلک پن واپس لانے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں، پاکستان کی اگلی انٹرنیشنل آزمائش سے قبل میں اپنی بولنگ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے بہترین فارم واپس حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے بھی بولنگ متاثر ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ اس مسئلہ کی وجہ سے میں درست انداز میں بولنگ نہیں کرپا رہا تھا مگر اب یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ آفریدی نے کہا کہ جب کوئی پلیئر آؤٹ آف فارم ہو تو لوگ اس کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کا نوٹس لیتے ہیں، البتہ ان فارم کھلاڑی کی بڑی غلطیاں بھی نظر انداز کردی جاتی ہیں، میں ان سب باتوں سے مایوس نہیں اور اپنے کھیل پر توجہ دے رہا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔